پاکستان میں حیوانی صحت اور جانوروں کی بیماریوں کی تشخیص کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے سندھ حکومت کے سندھ اینیمل ڈیزیز سرویلنس سینٹر (ایس اے ڈی ایس سی) نے صوبے میں پہلی مرتبہ ایک پالتو بلی کا سائنسی پوسٹ مارٹم کامیابی سے انجام دے دیا، جو سندھ میں جدید حیوانی صحت کی خدمات کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے اس کامیابی کو صوبے بھر میں ویٹرنری بنیادی ڈھانچے، بیماریوں کی نگرانی اور سائنسی تحقیقی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے ان کی حکومت کی مسلسل سرمایہ کاری کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔پوسٹ مارٹم سندھ حکومت کے محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز کے تحت کام کرنے والے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ (ایس آئی اے ایچ) کے سندھ اینیمل ڈیزیز سرویلنس سینٹر میں ویٹرنری ماہرین نے انجام دیا۔ اس معائنے میں دو ماہ کی فارسی نسل کی بلی، جس کا نام لیوناڈاس تھا، شامل تھی۔تفصیلی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ویٹرنری ماہرین نے جامع سائنسی معائنہ کیا، جس میں پھیپھڑوں میں پانی جمع ہونے، جگر کے بڑھنے، پیٹ کے اندرونی حصے میں خون جمع ہونے اور مدافعتی نظام کے ناموافق ردعمل کے شواہد سمیت اہم پیتھالوجیکل علامات سامنے آئیں۔ مکمل تجزیے کے بعد ماہرین نے نتیجہ اخذ کیا کہ جانور کی موت غیر مطابقت رکھنے والے خون کی منتقلی کے باعث ہوئی۔وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے پوسٹ مارٹم کی کامیاب تکمیل کو سندھ میں ویٹرنری طب کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جو اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ صوبے میں نہ صرف مویشیوں بلکہ ساتھی جانوروں اور پالتو جانوروں کے لیے بھی جدید تشخیصی خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ کامیابی سائنس، جدت اور ادارہ جاتی استحکام کے ذریعے لائیو اسٹاک اور حیوانی صحت کے شعبے کو جدید بنانے کے لیے سندھ حکومت کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس اے ڈی ایس سی جیسے مراکز بیماریوں کی نگرانی، بروقت تشخیص اور شواہد پر مبنی ویٹرنری نگہداشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز محمد علی ملکا نی، سیکریٹری لائیو اسٹاک ڈاکٹر کاظم جتوئی، ڈائریکٹر جنرل ایس آئی اے ایچ ڈاکٹر نذیر کلہوڑو، ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر بینظیر کنول اور پوسٹ مارٹم کامیابی سے انجام دینے والی ویٹرنری ماہرین کی ٹیم کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ جدید ویٹرنری تشخیصی سہولیات کا قیام اور انہیں فعال بنانا جانوروں کی بہبود بہتر بنانے، صحت عامہ کے تحفظ، لائیو اسٹاک کی ترقی میں معاونت اور جانوروں کے مالکان کے پیشہ ورانہ ویٹرنری خدمات پر اعتماد میں اضافے میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز محمد علی ملکا نی نے اس پیش رفت کو ویٹرنری تشخیص اور جانوروں کی بیماریوں کی نگرانی کے شعبے میں سندھ کے قائدانہ حیثیت کی جانب بڑھنے کا ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بین الاقوامی معیارات پر پورا اترنے اور جانوروں کی صحت کو درپیش ابھرتے ہوئے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے اپنی سائنسی اور لیبارٹری صلاحیتوں کو مسلسل وسعت دے رہا ہے۔کامیاب پوسٹ مارٹم سندھ حکومت کی صوبے بھر میں تحقیق پر مبنی حیوانی صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور ویٹرنری سائنس میں اعلیٰ معیار کو فروغ دینے کی وسیع تر کوششوں میں ایک اور قدم ہے۔وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کو پوسٹ مارٹم رپورٹ پیش کرتے ہوئے سیکریٹری لائیو اسٹاک اینڈ فشریز ڈاکٹر کاظم جتوئی نے اس پیش رفت کو محکمے کے لیے ایک اہم سنگ میل اور سندھ میں ویٹرنری صحت کی خدمات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا۔ڈاکٹر جتوئی نے کہا کہ سندھ اینیمل ڈیزیز سرویلنس سینٹر میں پالتو بلی کا کامیاب سائنسی پوسٹ مارٹم ہماری ویٹرنری اداروں کی بڑھتی ہوئی صلاحیت اور جدید، شواہد پر مبنی حیوانی صحت کی دیکھ بھال کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ کامیابی وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کے اس وژن سے ہم آہنگ ہے جس کے تحت صوبے میں حیوانی صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط، بیماریوں کی نگرانی کو بہتر اور سائنسی معیار کو فروغ دیا جا رہا ہے۔موقع پر موجود سندھ کے چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ نے اس عمل میں شامل ویٹرنری ماہرین، محققین اور تکنیکی عملے کی کارکردگی کو سراہا۔چیف سیکریٹری نے کہا کہ میں ویٹرنری ماہرین اور محققین کی اس پرعزم ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جن کی پیشہ ورانہ مہارت، قابلیت اور عزم نے سندھ کو ویٹرنری تشخیص اور جانوروں کی بہبود کے شعبے میں ایک نیا معیار قائم کرنے کے قابل بنایا۔ یہ کامیابی صوبے کی بڑھتی ہوئی سائنسی صلاحیتوں اور حیوانی صحت کی خدمات میں بین الاقوامی معیارات اپنانے کے عزم کا اظہار ہے۔
Read Next
47 منٹس ago
کراچی پریس کلب کے نئے اراکین کے لئے ہاکس بے پلاٹس کی قرعہ اندازی،639 اراکین شامل
2 دن ago
*وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر کی ملاقات*
3 دن ago
ذوالفقار علی نظامانی سیکریٹری ورکس اینڈ سروسز سندھ تعینات
3 دن ago
منور علی مٹھانی کی سیکریٹری سوشل ویلفیئر سندھ تقرری، نوٹیفکیشن جاری
4 دن ago






