ہمدرد مجلسِ شوریٰ لاہور کے زیرِ اہتمام ’’معصوم بچے اور سائبر کرائم کا بڑھتا ہوا خطرہ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ اجلاس میں ماہرین نے خبردار کیا کہ سوشل میڈیا اور موبائل فون کے غیر محتاط استعمال کے باعث بچوں اور نوجوانوں کو سنگین اخلاقی، سماجی اور قانونی خطرات کا سامنا ہے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ اس کے ممکنہ خطرات سے آگاہی بھی ناگزیر ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر نے کہا کہ چائلڈ پورنوگرافی ایک سنگین جرم ہے، جس پر 20سال تک سزا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے ایسے دس لاکھ پاکستانی موبائل صارفین کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے فونز میں فحش مواد موجود ہونے کا شبہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فیس بک، واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر خواتین کو ہراساں کرنے، کسی کی تذلیل کرنے، سائبر بُلنگ اور آن لائن فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔مقررین نے کہا کہ عوام کو پیکا (PECA) ایکٹ کا مطالعہ کرنا چاہیے تاکہ وہ اپنے ڈیجیٹل حقوق، ذمہ داریوں اور قانونی حدود سے آگاہ رہیں۔ آن لائن مالیاتی فراڈ، جعلی آن لائن شاپنگ، سائبر گرومنگ اور دیگر ڈیجیٹل جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کے حوالے سے مجوزہ قانونی اقدامات اور عمر کی پابندیوں پر بھی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر ہوم ڈیپارٹمنٹ کی اسپیشل سیکرٹری محترمہ زینب خان، ڈی آئی جی ایڈمن جناب عمران کشور، چیف ایگزیکٹو آفیسر چیرٹی کمیشن کرنل شہزاد عامر اور NCCIA کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر سمیت دیگر مقررین نے شرکت کی،ہمدرد شوریٰ میں اسپیکر کے فرائض پروفیسر میاں ڈاکٹرمحمد اکرم نے نبھائے جبکہ ڈپٹی اسپیکر قیوم نظامی کے علاوہ جناب رانا امیر احمد خان ، پروفیسر نصیر احمد چوہدری، جناب انجم نثار صدیقی ،جناب حکیم راحت نسیم ،جناب کاشف ادیب جاویدانی ،محترمہ سیدہ فرح ہاشمی، محترمہ خالدہ جمیل چوہدری ،جناب ڈاکٹر شفیق جالندھری ،جناب ڈاکٹر پروفیسر خالد محمود عطا کے علاوہ مبصرین میں جناب ڈاکٹر مصطفی کمال،
جناب انجینئرمحمد آصف ،جناب خالد اعجاز مفتی، محترمہ ڈاکٹر پروین اےخان، جناب شاہد قادر ،جناب محمد پروفیسر خالد پراچہ اور محمد نصیر الحق ہاشمی سمیت دیگر نے شرکت کی۔مقررین نے اس امر پر خصوصی زور دیا کہ بچوں کو موبائل فون اور سوشل میڈیا کے غیر ضروری استعمال سے دور کرکے کھیلوں، مطالعاتی سرگرمیوں، مثبت مشاغل اور صحت مند تفریح کی جانب راغب کیا جائے۔ تعلیمی اداروں، والدین، سماجی تنظیموں اور حکومتی اداروں کو مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ نئی نسل کو ڈیجیٹل جرائم اور اخلاقی بگاڑ سے محفوظ رکھتے ہوئے ایک صحت مند اور محفوظ معاشرے کی تشکیل ممکن بنائی جا سکے۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سائبر کرائم کے خلاف قانونی کارروائی کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی، والدین کی رہنمائی اور بچوں کی مثبت تربیت بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ایک اہم آگاہی نشست سے خطاب کرتے ہوئے National Cyber Crime Investigation Agency) NCCIA ) کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں سائبر کرائم محض ٹیکنالوجی کا مسئلہ نہیں رہا بلکہ یہ ایک سنگین معاشرتی، اخلاقی اور قانونی چیلنج بن چکا ہے۔ ڈیجیٹل دنیا میں جرائم کی نوعیت تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، جبکہ عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد اب بھی ان خطرات اور ان سے بچاؤ کے قانونی و تکنیکی طریقوں سے پوری طرح آگاہ نہیں۔انہوں نے ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس اہم نشست میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ انہوں نے سیشن میں موجود بالخصوص DIG عمران کشورصاحب کا ذکر کیا جنہیں وہ اپنا استاد اور رہنما قرار دیتے ہیں اور جن سے وقتاً فوقتاً رہنمائی حاصل کرتے رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نشست کے دوران مختلف مقررین کی جانب سے پیش کیے گئے نکات انتہائی اہم ہیں جو متعلقہ اور موجودہ حالات کے عین مطابق ہیں۔ان میں سے ایک خواتین کی Online Harassment اور Blackmailing تشویش ناک مسئلہ ہے۔عاطف امیر نے بتایا کہ NCCIA کے قیام کے بعد خواتین کو درپیش Online Harassment اور Blackmailing کے واقعات سے نمٹنا ادارے کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کے بقول روزانہ کی بنیاد پر ایسے متعدد واقعات سامنے آتے ہیں جن میں خواتین اور کم عمر بچیوں کو ذہنی اذیت، بلیک میلنگ اور شدید نفسیاتی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ بعض اوقات ادارے کی ٹیمیں روزانہ دو سے تین ایسی بچیوں کو خود کو نقصان پہنچانے جیسے انتہائی سنگین اقدامات سے بچانے کی کوشش کرتی ہیں، جو مسلسل بلیک میلنگ اور ہراسانی کے باعث شدید ذہنی دباؤ میں ہوتی ہیں۔ان کے مطابق ان واقعات میں ایک بڑا سبب کسی جاننے والے شخص پر غیر ضروری اعتماد کرنا ہے۔ بعض اوقات قریبی دوست، سابقہ تعلقات رکھنے والے افراد حتیٰ کہ شوہر اور بیوی کے درمیان بھی نجی تصاویر اور ویڈیوز کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔انہوں نے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک خاتون پہلے ہی ایک شخص کو 35لاکھ روپے دے چکی تھیں، لیکن ملزم نے مزید 15ہزار ڈالر کا مطالبہ کیا اور شام چار بجے تک رقم نہ ملنے کی صورت میں تصاویر انٹرنیٹ اور خاندان کے افراد تک پہنچانے کی دھمکی دی۔ NCCIA کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مقررہ وقت سے قبل ملزم کو گرفتار کر لیا۔انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی تعداد بہت زیادہ ہے، تاہم ادارہ متاثرہ خواتین کی شناخت اور عزت و وقار کے تحفظ کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔خواتین کو ہراسانی سے بچانے کے حوالے سے انہوں نے ایک اہم معاشرتی تبدیلی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اب متاثرہ بچیوں کے والدین بڑی تعداد میں ان کے ساتھ ادارے پہنچتے ہیں۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ والدین نے اپنی بیٹیوں کو یہ اعتماد دینا شروع کر دیا ہے کہ اگر ان سے کوئی غلطی ہو بھی جائے تو وہ خوفزدہ ہونے کے بجائے اپنے گھر والوں کو اعتماد میں لیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسے واقعات سامنے آنے پر بعض خاندان متاثرہ بچیوں پر ہی دباؤ ڈالتے تھے، جس سے ان کے مسائل مزید سنگین ہو جاتے تھے۔ لیکن اب والدین کا اپنی بچیوں کے ساتھ کھڑا ہونا ایک خوش آئند اور مثبت تبدیلی ہے۔انہوں نے بچیوں کو مشورہ دیا کہ اپنی نجی تصاویر، ویڈیوز، ذاتی معلومات اور حساس ڈیٹا کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ حتیٰ کہ قریبی دوستوں کے معاملے میں بھی احتیاط ضروری ہے۔انہوں نے اپنے خطاب میں بچوں کے تحفظ کو بھی سائبر کرائم کا ایک انتہائی حساس اور اہم شعبہ قرار دیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹرکا مزید کہنا تھا کہ بچوں سے متعلق غیر اخلاقی اور استحصالی مواد (Child Sexual Abuse Material) کی تیاری اور اس فحش مواد کی ترسیل اور شیئرنگ سنگین جرائم میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعض اوقات ایسے افراد بھی سامنے آتے ہیں جو خود اپنے بچپن میں استحصال یا نامناسب ماحول کا شکار رہے ہوتے ہیں تاہم ماضی کے تلخ تجربات کسی دوسرے بچے کے استحصال کا جواز نہیں بن سکتے۔انہوں نے Cyber Grooming کو بھی انتہائی سنگین جرم قرار دیتے ہوئے وضاحت کی کہ جب کوئی شخص کسی بچے سے غلط نیت کے تحت رابطہ قائم کرتا، اسے اپنے اعتماد میں لیتا اور کسی استحصالی مقصد کے لیے تیار کرنے کی کوشش کرتا ہے تو یہ بھی قابلِ گرفت عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں سے متعلق ایسے جرائم پر قانون میں سخت سزائیں موجود ہیں اور NCCIA ان معاملات میں کارروائیاں کر رہی ہے۔عاطف امیر نے وضاحت کی کہ کسی شخص کے خلاف جھوٹی معلومات پھیلانا، سوشل میڈیا پر اس کی تذلیل کرنا، کردار کشی کرنا یا کسی کی نجی زندگی کو عوامی سطح پر نشانہ بنانا بھی سائبر کرائم کی مختلف صورتوں میں شامل ہو سکتا ہے۔انہوں نے Defamation اور ذاتی تنازعات کے درمیان فرق واضح کرتے ہوئے کہا کہ اگر دو افراد کے درمیان نجی سطح پر کوئی اختلاف یا تلخ کلامی ہو تو ہر معاملہ لازماً سائبر کرائم نہیں بنتا، لیکن جب کسی شخص کی تذلیل، کردار کشی یا ہراسانی کو Public Platforms پر منتقل کر دیا جائے تو متعلقہ قانون کے تحت کارروائی کی جا سکتی ہے۔انہوں نے Cyber Stalking اور Cyber Bullying کے حوالے سے بتایا کہ اگر کوئی شخص واضح طور پر منع کیے جانے کے باوجود مسلسل پیغامات بھیجتا رہے، بار بار رابطے کی کوشش کرے یا سوشل میڈیا پر کسی کو تنگ کرے تو مخصوص حالات میں یہ قابلِ تعزیر جرم بن سکتا ہے۔خطاب میں سوشل میڈیا پر ریاست مخالف بیانیے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی، عاطف ا میرنے نوجوانوں کو متنبہ کیا کہ محض مقبولیت حاصل کرنے یا سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرنے کے لیے غیر ذمہ دارانہ مواد پھیلانا مناسب طرزِ عمل نہیں۔انہوں نے کہا کہ Freedom of Expression ایک اہم حق ہے، تاہم اس کے ساتھ قانونی اور اخلاقی ذمہ داریاں بھی وابستہ ہیں۔ ریاست کسی ایک ادارے کا نام نہیں بلکہ مختلف قومی اداروں، سول سوسائٹی، میڈیا، عدلیہ اور دیگر شعبوں کے مجموعی نظام کا نام ہے۔ان کے مطابق اختلافِ رائے اور تنقید کے اظہار میں قانون کی حدود اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کو ملحوظ رکھنا ضروری ہے۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ Prevention of Electronic Crimes Act (PECA)) ) کے بنیادی نکات سے آگاہی حاصل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ Ignorance of Law is No Excuse یعنی قانون سے لاعلمی کسی جرم کے ارتکاب کا قانونی جواز نہیں بن سکتی۔عاطف امیر نے Financial Fraud کو موجودہ دور کا ایک بڑا سائبر چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ لالچ، غیر معمولی منافع کی خواہش اور راتوں رات امیر بننے کا خواب شہریوں کو مختلف فراڈ اسکیموں کا شکار بنا رہا ہے۔انہوں نے Artificial Intelligence اور سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو مخصوص دھوکے میں پھنسانے کی مثالیں بھی پیش کیں۔ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایک خاتون بچوں کو گود لینے کے طریقہ کار کے بارے میں انٹرنیٹ پر معلومات تلاش کر رہی تھیں۔ اسی دوران انہیں سوشل میڈیا پر ایک اشتہار دکھائی دیا جس میں ایک بچے کو گود لینے کی پیشکش کی گئی تھی اور اس مقصد کے لیے پانچ لاکھ روپے طلب کیے گئے تھے۔ خاتون نے رقم منتقل کر دی، لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ وہ ایک فراڈ تھا۔اسی طرح Online Rating اور Video Calling Applications کے ذریعے خواتین کو نشانہ بنانے والے گروہوں کا بھی ذکر کیا گیا، جو ویڈیو کالز کو ریکارڈ کرکے متاثرہ افراد اور ان کے خاندانوں کو بلیک میل کرتے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے صارفین کی دلچسپیوں اور سرچ ہسٹری کی بنیاد پر انہیں مخصوص مواد اور اشتہارات دکھاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بعض فراڈ گروہ لوگوں کی نفسیاتی کمزوریوں اور دلچسپیوں کو سمجھ کر انہیں اپنے جال میں پھنساتے ہیں۔ Financial Fraud کے حوالے سے انہوں نے Credit Card معلومات کے غلط استعمال پر خصوصی توجہ دلائی۔انہوں نے کہا کہ ریسٹورنٹس اور دیگر مقامات پر ادائیگی کے دوران بعض اوقات صارفین اپنا Credit Card ویٹر یا غیر متعلقہ شخص کے حوالے کر دیتے ہیں۔ اس دوران Card Details اور CVV Code چوری ہونے کا خطرہ موجود رہتا ہے، جنہیں بعد میں فراڈ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ Credit Card سے ادائیگی ہمیشہ اپنی موجودگی میں کروائیں اور اپنا کارڈ کسی دوسرے شخص کے حوالے کرنے سے گریز کریں۔انہوں نے ایک اور تشویش ناک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بینک برانچ کے ذمہ دار پر سینکڑوں صارفین کا ڈیٹا غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کا الزام سامنے آیا، جس کے بعد متعلقہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ان کے مطابق بعض Cyber Criminals ابتدا میں صرف 100 یا 200 روپے جیسی معمولی رقم کی غیر قانونی ٹرانزیکشن کرتے ہیں، لیکن یہی طریقہ جب ہزاروں افراد کے ساتھ بیک وقت استعمال کیا جائے تو فراڈیوں کے لیے بڑی رقم جمع کرنے کا ذریعہ بن جاتا ہے۔انہوں نے Fake Loan Applications کے ذریعے شہریوں کو بلیک میل کرنے والے گروہوں کا بھی ذکر کیا۔ان کے مطابق بعض غیر قانونی Loan Applications صارفین سے Gallery،Contacts اور دیگر ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کرتی ہیں۔ بعد ازاں قرض کی واپسی کے نام پر غیر معمولی رقم کا مطالبہ کیا جاتا ہے اور انکار کی صورت میں صارفین کی نجی تصاویر یا ذاتی معلومات کو ان کے خاندان اور جاننے والوں تک پہنچانے کی دھمکی دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو کسی بھی غیر معروف Application کو غیر ضروری Permissions دینے سے پہلے اس کی قانونی حیثیت اور ساکھ ضرور جانچنی چاہیے۔ڈیجیٹل تحفظ کے حوالے سے انہوں نے شہریوں کو چند اہم احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا، جن میں:
ض WhatsApp پر Two-Step Verification فعال رکھنا۔
ض WhatsApp کے ساتھ Email منسلک رکھنا اور Recovery Options محفوظ بنانا۔
ض مضبوط Passwords استعمال کرنا۔
ض غیر معروف Links اور Applications سے اجتناب کرنا۔
ض Public Wi-Fi استعمال کرتے ہوئے حساس مالیاتی معاملات سے گریز کرنا۔
ض موبائل Applications کو غیر ضروری Permissions نہ دینا۔
ض Credit Card اور Banking Details کسی غیر متعلقہ شخص کو فراہم نہ کرنا۔
ض غیر معمولی منافع یا فوری سرمایہ کاری کی پیشکشوں سے محتاط رہنا۔انہوں نے کہا کہ Public Wi-Fi کے ذریعے Malware اور دیگر نقصان دہ Software موبائل فون تک پہنچنے کا خطرہ موجود ہوتا ہے، اس لیے شہریوں کو غیر محفوظ Networks کے استعمال میں احتیاط کرنی چاہیے۔خطاب کا ایک اہم اور تشویش ناک پہلو پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کا غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال تھا۔عاطف امیر نے بتایا کہ سائبر فراڈ میں ملوث بعض افراد کا تعلق ملک کی بڑی جامعات اور تعلیمی اداروں سے بھی سامنے آیا ہے۔ ان میں ایسے انجینئرز اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان بھی شامل ہیں جو اپنی تکنیکی مہارت کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے بجائے غیر قانونی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے ایک واقعے کا ذکر کیا جس میں ایک ہی گھر کے متعدد افراد ایک International Company کے ساتھ فراڈ میں ملوث پائے گئے۔ ان کے مطابق جب کارروائی کی گئی تو والدین اپنے بچوں کو معاف کرنے کی درخواست کرتے رہے، حالانکہ ان کے بقول وہ نوجوان ایک ہی گھر میں بیٹھ کر پاکستان اور بیرونِ ملک شہریوں کو مالی نقصان پہنچا رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، اصل ضرورت اس صلاحیت کو درست سمت میں استعمال کرنے اور نوجوانوں کو مثبت مواقع فراہم کرنے کی ہے۔عاطف امیر نے اپنی گفتگو میں والدین، اساتذہ، تعلیمی اداروں اور معاشرتی رہنماؤں کے کردار کو بنیادی اہمیت دی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی بچے کی ابتدائی تربیت میں گھر، اسکول یا مدرسہ اور والدین کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے۔ اگر ابتدائی عمر ہی سے بچوں کو اخلاقی اقدار، قانون کی پاسداری، ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال اور معاشرتی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا جائے تو مستقبل میں جرائم کے امکانات کم کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج معاشرے میں Shortcuts کے ذریعے جلد امیر ہونے کی خواہش خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے۔ محنت، دیانت داری اور قانونی طریقے سے کامیابی حاصل کرنے کے بجائے بعض نوجوان فوری دولت کے حصول کے لیے غیر قانونی راستے اختیار کر رہے ہیں، جس کے نتائج نہ صرف ان کی اپنی زندگی بلکہ پورے خاندان کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے شہریوں، بالخصوص نوجوانوں اور والدین سے اپیل کی کہ وہ Prevention of Electronic Crimes Act (PECA) ) 2016 اور اس میں 2025 کی ترامیم کا مطالعہ ضرور کریں۔ان کا کہنا تھا کہ جرائم کی دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔ ماضی میں روایتی جرائم زیادہ نمایاں تھے، لیکن اب جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کو مالی، اخلاقی اور نفسیاتی نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب جرائم کے طریقے بدل چکے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتیں بہتر بنانا ہوں گی۔ان کے مطابق NCCIA میں روزانہ بڑی تعداد میں شہری اپنے مسائل لے کر آتے ہیں۔ اس لیے صرف اداروں کی کارروائیاں کافی نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کو بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔انہوں نے سول سوسائٹی، میڈیا، تعلیمی اداروں، اساتذہ اور والدین پر زور دیا کہ وہ پہلے خود Cyber Crime اور Digital Security کے بارے میں مکمل آگاہی حاصل کریں اور پھر یہ معلومات دوسروں تک پہنچائیں۔انہوں نے اپنے خطاب کا اختتام اس اہم پیغام کے ساتھ کیا کہ سائبر کرائم کے خلاف جنگ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ڈیجیٹل دور میں محفوظ معاشرے کی تشکیل کے لیے قانون سے آگاہی، اخلاقی تربیت، والدین کا اعتماد اور ٹیکنالوجی کا ذمہ دارانہ استعمال ناگزیر ہے۔اسپیکر ہمدر دشوریٰ پروفیسر ڈاکٹر میاں محمد اکرم نے اجلاس کےاختتام پر تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ :٭بچوں کو موبائل اور انٹرنیٹ کے استعمال کی اجازت ان کی عمر اور ضرورت کے مطابق دی جائے۔٭ والدین بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر مناسب نگرانی رکھیں اور ان کے ساتھ دوستانہ ماحول میں روزانہ گفتگو کریں۔۔بچوں کو اجنبی افراد سے آن لائن رابطے، ذاتی معلومات اور تصاویر کے تبادلے کے ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا جائے۔٭ بچوں کے موبائل فون میں مناسب Parental Controls اور Privacy Settings فعال کی جائیں۔٭ بچوں میں یہ اعتماد پیدا کیا جائے کہ کسی بھی آن لائن ہراسانی، دھمکی یا بلیک میلنگ کی صورت میں وہ بلا خوف والدین کو آگاہ کر سکتے ہیں۔٭ اسکولوں اور کالجوں کے نصاب میں Digital Literacy اور Cyber Safety کو شامل کیا جائے۔٭طلبہ کو سائبر کرائم، آن لائن ہراسانی، بلیک میلنگ اور ڈیجیٹل خطرات سے بچاؤ کی عملی تربیت دی جائے۔٭ اساتذہ اور تعلیمی عملے کے لیے جدید ڈیجیٹل خطرات سے متعلق خصوصی تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں۔٭ تعلیمی اداروں میں Cyber Safety Awareness Seminars اور ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے۔٭ متاثرہ طلبہ کے لیے محفوظ اور خفیہ شکایتی نظام (Confidential Complaint Mechanism) قائم کیا جائے۔٭ مساجد، مدارس، تعلیمی اداروں اور کمیونٹی مراکز میں بچوں کے آن لائن تحفظ کے حوالے سے آگاہی مہم چلائی جائے۔٭ علماء، اساتذہ اور سماجی رہنما ڈیجیٹل اخلاقیات، حیا، احترامِ انسانیت اور بچوں کے حقوق کے موضوعات کو اپنی گفتگو کا حصہ بنائیں۔٭ بچوں کو کھیل، مطالعے اور مثبت تخلیقی سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جائے۔٭ آن لائن ہراسانی یا استحصال کا شکار بچوں اور ان کے خاندانوں کو بدنام کرنے کے بجائے ان کی مدد اور حوصلہ افزائی کی جائے۔٭ بچوں کے آن لائن تحفظ کے لیے موجودہ قوانین پر مؤثر عمل درآمد اور ضروری قانون سازی یقینی بنائی جائے۔٭ بچوں کے خلاف سائبر کرائم، بلیک میلنگ اور آن لائن استحصال کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے۔٭ NCCIA اور دیگر متعلقہ اداروں میں بچوں کے آن لائن تحفظ کے لیے خصوصی تربیت یافتہ عملہ اور مؤثر تحقیقات کا نظام قائم کیا جائے۔٭ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو بچوں کے تحفظ کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات کا پابند بنایا جائے۔٭ بچوں اور والد1ین کے لیے آسان، محفوظ اور قابلِ اعتماد شکایتی نظام متعارف کروایا جائے۔٭ AI سے تیار کردہ جعلی مواد اور بچوں کی تصاویر کے غیر قانونی استعمال کی روک تھام کے لیے جدید قانونی اور تکنیکی اقدامات کیے جائیں۔٭ NCCIA،PTA، پولیس، تعلیمی اداروں اور بچوں کے حقوق کے اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری قائم کی جائے۔٭ بچوں کو ڈیجیٹل خطرات کی پہچان اور ان سے بچاؤ کا شعور دیا جائے۔٭ ذمہ دارانہ ڈیجیٹل استعمال اور اخلاقی اقدار کی تربیت دی جائے۔٭ والدین، تعلیمی ادارے اور ریاست مل کر بچوں کا تحفظ یقینی بنائیں۔٭ بچوں کے استحصال اور ہراسانی میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی کی جائے۔بچوں کا محفوظ مستقبل ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہمیں ایسا ڈیجیٹل ماحول تشکیل دینا ہوگا جہاں بچے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں، مگر سائبر جرائم، ہراسانی اور استحصال سے محفوظ رہیں۔بچوں کو صرف انٹرنیٹ استعمال کرنا نہ سکھائیں، بلکہ انہیں انٹرنیٹ کی دنیا میں محفوظ رہنا بھی سکھائیں۔


