وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر خیبرپختونخوا کی ملاقات؛وفاق اور صوبوں کے درمیان رابطہ کاری بڑھانے پر اتفاق

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور قومی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ سید مراد علی شاہ نے فیصل کریم کنڈی کا وزیراعلیٰ ہاؤس آمد پر خیرمقدم کیا اور یہ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں اہم قومی و صوبائی امور پر باہمی مشاورت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے سندھ اور خیبرپختونخوا کے درمیان باہمی تعاون، روابط کو مزید مستحکم بنانے اور صوبوں کے درمیان تجربات کے تبادلے کے فروغ پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے بین الصوبائی ہم آہنگی کو قومی ترقی کے لیے بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاق مضبوط ہوگا تو صوبے مضبوط ہوں گے اس لیے صوبوں کے درمیان تعاون وقت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اختلافات سے زیادہ مشترکہ مسائل کے حل پر توجہ دینی ہوگی اور وفاق و صوبوں کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور تعاون بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی استحکام اور جمہوری عمل کا تسلسل ملکی ترقی کے لیے ضروری ہے اور عوام کے مسائل کا حل پاکستان پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر تمام اکائیوں کو مل کر ملکی چیلنجز کا مقابلہ کرنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سندھ اور خیبرپختونخوا سمیت تمام صوبے پاکستان کی ترقی میں برابر کے شراکت دار ہیں اور دونوں رہنماؤں نے قومی یکجہتی، جمہوری اقدار اور عوامی فلاح کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جواب دیں

Back to top button