سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی ہدایت پر ریڈ لائن بی آر ٹی پر دن رات کام جاری ہے، ریڈ لائن بی آر ٹی کے ٹیپو سطان انڈر پاس کا کام مکمل ہو چکا ہے، صرف شیٹرنگ کا کام باقی ہے جو چار روز میں مکمل ہو جائے گا، ملیر کینٹ روڈ پر ٹیپو سلطان انڈر پاس اور اس ملحقہ روڈ 31 اکتوبر سے باضابطہ طور پر عوام کے لئے کھول دیاجائے گا، اس منصوبے سے کراچی کے شہریوں کو بہت فائدہ ہوگا، کراچی کے شہریوں کو سفری سہولیات دینا حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے۔سندھ کے سینئر وزیرِ اطلاعات، ٹرانسپورٹ ، ایکسائز ،ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن کا ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اپنے دورے میں منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات دیں۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے دورے کے آغاز پر صحافیوں کے ہمراہ سائٹ کا معائنہ کیا۔ریڈلائن بی آر ٹی کے تعمیراتی کام کے جائزہ لینے کے لئے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی پاکستان کی پہلی بی آر ٹی ہوگی جس پر بائیو گیس پر چلنے وای بسز چلیں گی اور یہ روٹ 26 کلومیٹر طویل ہوگا، دیہی علاقوں میں یہ کا ہوتا تو بہت پہلے مکمل ہو چکا ہوتا لیکن شہری علاقوں میں مختلف رکاوٹوں اور یوٹیلیٹیز کی وجہ سے کام میں تاخیر ہوتی ہے۔ پیپلز پارٹی حکومت نے اختیارات سنبھالتے ہی رکے ہوئے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام شروع کردیا، منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کیلئے کام کی رفتار تیز اور تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، منصوبے کے معیار میں کوئی کمی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ریڈلائن بی آر ٹی کے مختلف حصوں پر پر کام بہت پہلے مکمل ہونا تھا، لیکن نگران حکومت کی عدم توجہی اور لاپرواہی کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی اور عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ دو ماہ پہلے کانٹریکٹر نے ٹیپو سلطان انڈر پاس اور اس سے ملحقہ سڑک کے کام کی تکمیل کا وعدہ تھا آج دو ماہ بعد کام مکمل ہو چکا ہے، ورلڈ بینک کے تعاون سے محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے یلولائن بی آر ٹی پر بھی کام شروع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزہر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ریڈلائن کوریڈور کی تعمیرات کے حوالے سے ایک اجلاس میں کام فوری طور پر مکمل کرنے اور تمام متعلقہ اداروں کو یوٹیلیٹی لائینوں کی بروقت ری لوکیشن یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی تھیں اور ضروری فنڈز اجراء کے احکامات دیئے تھے، لوگوں نے دعوے کئے تھے کہ ریڈ لائن بی آر ٹی کے کام میں تاخیر ہوگی لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ نے آتے ہی اس پر کام شروع کروا دیا۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت سندھ الیکٹرک ٹیکسی بھی شروع کرنے جا رہا ہے، خواتین کے لئے پنک ٹیکسی سروس شروع کی جائے گی، جبکہ مردوں کے لئے الگ ای وی ٹیکسی سروس ہوگی، محکمہ ٹرانسپورٹ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں عوام کو ٹرانسپورٹیشن کی سہولیات کی فراہمی کے لئے کام کر رہا ہے، ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے میں تاخیر ہوئی، لیکن ترجیح ہے کہ ٹائیم لائن میں مزید تاخیر نہ ہو۔