اسلام آباد میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون قائم کرنے کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال،محمد علی رندھاوا اوراظفر منظور کی زیر صدارت اہم اجلاس

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور چیئرمین اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی (ایس ٹی زیڈ اے) اظفر منظور نے اسلام آباد میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون کے قیام کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ٹی زیڈ اے عامر سلیمی سمیت دونوں اداروں کے متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون قائم کرنے کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایس ٹی زیڈ اے بطور ریگولیٹر کام کرے گی اور تجویز کردہ اسپیشل ٹیکنالوجی زون میں قائم ہونے والی ہائی ٹیک کمپنیوں کو لائسنس جاری کرے گی، جبکہ سی ڈی اے بطور ڈویلپمنٹ ایجنسی اس زون کی ڈویلپمنٹ کا کام کرے گی۔مزید برآں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس منصوبے کے حوالے سے فنانشل اور عملی پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف تجاویز کی جانچ پڑتال کیلئے ایک مشترکہ ورکنگ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ اس سلسلہ میں مشترکہ ورکنگ کمیٹی اپنی باقاعدہ میٹنگز کا انعقاد کرے گی اور قابل عمل تجاویز تیار کرکے مناسب فیصلے وفاقی حکومت کو منظوری کیلئے پیش کئے جائینگے۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس طرح جدید ٹیکنالوجی سے وابستہ ہائی ٹیک کمپنیاں اور انٹرپنیورز (Entrepreneurs) اسپیشل ٹیکنالوجی زون میں اپنے ٹیکنالوجی اور پروڈکشن ہاؤسز قائم کریں گے۔اجلاس میں تجویز کردہ اسپیشل ٹیکنالوجی زون کے ماسٹر پلان کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون میں ایک ٹیکنالوجی زون کے ساتھ ساتھ ہائی ٹیک پروڈکشن زون بھی شامل ہوگا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کے فیصلے کے بعد ٹیکسز اور ڈیوٹیز میں چھوٹ سمیت خصوصی مراعات دی جائیں گی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ دارلحکومت اسلام آباد کو ایک ٹیکنو پولس سٹی بنانے کیلئے اسپیشل ٹیکنالوجی زون کا قیام سی ڈی اے کی ایس ٹی زیڈ اے کے تعاون سے اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین طریقہ کار کی بنیاد پر منصوبے کے مالیاتی پہلوؤں کا جائزہ لیکر ایک قابل عمل اور پائیدار ماڈل تیار کیا جارہا ہے جو ٹیکنالوجی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس طرح اسلام آباد کو ایک ٹیکنالوجی ہب اور ٹیکنو پولس سٹی بنایا جاسکے گا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسپیشل ٹیکنالوجی زون سے اسلام آباد میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ اجلاس کے اختتام پر چیئرمین سی ڈی اے نے وفاقی حکومت کے فیصلے کے بعد اس منصوبے کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے ایس ٹی زیڈ اے کی تکنیکی مہارتوں اور تجربات بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

جواب دیں

Back to top button