وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان سے ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر لیوکی ملاقات، صحت کے شعبے میں مزید تعاون کی یقین دہانی

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر لیوکووزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے ڈبلیو ایچ او کا ہمیشہ سے تعاون رہا ہے۔ ہم اس بات کو خوش آئند سمجھتے ہیں کہ آپ کا تعلق ہمارے دوست ملک چین سے ہے جس سے پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں۔ محدود وسائل کی وجہ سے صحت کے شعبے میں ورٹیکل پروگرامز انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ ڈبلیو ایچ اوکے ذریعے گلگت بلتستان میں جاری مختلف پروگرامز صحت کے شعبے کی بہتری میں معاون ثابت ہورہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ڈبلیو ایچ او کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گلگت بلتستان میں دیگر صوبوں کی طرز پر ڈبلیو ایچ او کا ریجنل آفس قائم کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے حکومت گلگت بلتستان ہر ممکن تعاون کرے گی۔ صوبے کے ہسپتالوں کے آٹومیشن، بلاتعطل بجلی کی فراہمی کیلئے ہسپتالوں کی سولرئزیشن اور گلگت بلتستان کے دور افتادہ اور مشکل علاقوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید موبائل ہسپتال اور ایمبولنس کی ضرورت ہے جس کیلئے ڈبلیو ایچ او کا خصوصی تعاون درکار ہے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں نرسنگ سٹاف کی تربیت کے حوالے سے بھی ڈبلیو ایچ او کی مدد درکار ہے۔ بچوں کی نیوٹریشن سمیت انتہائی نگہداش یونٹس کے حوالے سے ڈبلیو ایچ او نے صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے۔ ہمیں اس بات کی امید ہے کہ ڈبلیو ایچ او گلگت بلتستان صحت کے شعبے کی مزید بہتری کیلئے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ اس موقع پر ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر لیو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت کیساتھ صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ ڈاکٹر لیو نے کہاکہ بحیثیت ڈبلیو ایچ او کا نمائندہ گلگت بلتستان کا میرا پہلا دورہ ہے۔ جس میں گلگت بلتستان کے دور دراز علاقوں میں رہنے والوں لوگوں کے مشکلات کا ادراک ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں ہیلتھ کی ٹیم جس طرح صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے کام کررہی ہے وہ قابل تحسین ہے۔ صوبائی حکومت کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے میری کوشش ہوگی کہ مستقبل میں صوبائی حکومت کیساتھ مل کر صحت کے شعبے کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔ ملاقات میں صوبائی وزیر صحت راجہ اعظم خان، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، صوبائی سیکریٹری صحت سمیت متعلقہ اعلیٰ آفیسران شریک تھے۔

جواب دیں

Back to top button