چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کیلئے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے انتظامی افسران اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں میں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔
چیف سیکریٹری سے تعریفی سرٹیفیکیٹ حاصل کرنیوالوں میں سیکریٹری داخلہ کیپٹن ( ر) علی اصغر، ڈپٹی کمشنر گلگت امیر اعظم حمزہ، ڈپٹی کمشنر سکردو کیپٹن(ر) طیب سمیع، ڈپٹی کمشنر شگر ولی اللہ فلاحی سمیت پولیس اور سیکورٹی فورسز کے دیگر آفسران شامل تھے۔

چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے اس موقع پر محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے اور مثالی امن و امان قائم کرنے کیلئے کردار ادا کرنیوالے آفسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیکورٹی کے بہترین انتظامات کرنے اور ضابطہ اخلاق کی پاسداری یقینی بنانے میں مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کا اہم کردار رہا ہے اور دیگر اسٹیک ہولڈرز بشمول علمائے کرام، سول سوسائٹی اور امن کمیٹیوں نے بھی مثالی امن کے قیام کیلئے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کا مظاہرہ کیا ہے۔






