وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عید میلادالنی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے تمام سرکاری عمارتوں پر چراغاں کا حکم جاری کردیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ علمائے کرام کی مشاورت سے جشن عید میلادالنبی ﷺ کے انتظامات کو حتمی شکل دیں۔ انہوں نے علمائے کرام سے بھی درخواست کی کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ مذہبی رہنماؤں، علمائے کرام اور انتظامیہ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ ، سعید غنی، ضیا لنجار، ریاض شاہ شیرازی، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ ، سیکریٹری داخلہ اقبال میمن ، کمشنر کراچی حسن نقوی، وزیراعلیٰ کے سیکریٹری رحیم شیخ، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے شرکت کی۔ علمائے کرام کی جانب سے حاجی حنیف طیب، علامہ کوکب نورانی، محمد جان نعیمی، علامہ شاہ عبدالحق قادری، مولانا یعقوب ترابی، علامہ مظفر شاہ، علامہ جمیل راٹھوڑ، اکبر درس اور دیگر نے شرکت کی۔
علمائے کرام نے سڑکوں کی مرمت، بہتے گٹروں ، بجلی کی سپلائی اور سیکیورٹی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اعتراف کیا کہ بارشوں سے سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ہنگامی مرمت ممکن نہیں تاہم انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت تفصیلی مرمت کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واٹر بورڈ اور کے الیکٹرک کو ہدایت کی کہ مساجد کو بلا تعطل پانی و بجلی کی سپلائی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کمشنر کراچی حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کو بھی ہدایت کی کہ عید میلادالنبی کے جلوس کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے اور علمائے کرام کی مشاورت سے روٹ اور وقت کا تعین کیا جائے۔
علمائے کرام نے وزیراعلیٰ سندھ کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔۔۔