ڈپٹی کمشنر کوئٹہ و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر مہراللہ بادینی کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات 2025 کے سلسلے میں ریٹرننگ آفیسران (ROs) کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کوئٹہ سمیت تمام ریٹرننگ آفیسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے شفاف، منصفانہ اور پرامن انعقاد کے لیے انتظامی تیاریوں، الیکشن شیڈول، انتخابی مراحل اور افسران کی ذمہ داریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا
۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے آر اوز کو ان کی متعلقہ یونین کونسلز، وارڈز، پولنگ اسٹیشنز، انتخابی عملے کی تعیناتی، انتخابی مواد کی ترسیل اور سکیورٹی پلان کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات اور انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق اپنے فرائض انجام دیں۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات جمہوری نظام کی بنیاد ہیں، لہٰذا تمام متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں دیانت داری، شفافیت اور غیرجانبداری کے ساتھ ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کا اولین مقصد پرامن اور شفاف الیکشن کو یقینی بنانا ہے، اس کے لیے تمام اداروں کے درمیان موثر رابطہ اور تعاون ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ انتخابی فہرستوں، پولنگ اسٹیشنز اور الیکشن مواد کی فراہمی کے عمل کو بروقت مکمل کیا جائے اور الیکشن کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تمام تر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے تمام آر اوز پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں الیکشن سے متعلق تمام انتظامات کی نگرانی ذاتی طور پر کریں تاکہ بلدیاتی انتخابات 2025 کا انعقاد شفاف، پرامن اور کامیاب طریقے سے ممکن ہو سکے۔






