لاہور شہر میں نئی پارکنگ سائٹس ڈویلپ کرنے کی ہدایت،لاہور پارکنگ کمپنی کے اختیارات میں اضافہ کے لئے وزیر اعلٰی سے بات کروں گا،وزیر بلدیات ذیشان رفیق

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت ایک اجلاس کے دوران لاہور پارکنگ کمپنی سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ لاہور پارکنگ کمپنی کے سی ای او نویدالاسلام ورک نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے آن روڈ پارکنگ کی آئوٹ سورسنگ پر تجاویز طلب کرتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ پارکنگ کے معاملات بھی ریگولرائز کئے جائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارکنگ فیس کی مد میں اوور چارجنگ کی روک تھام کا میکانزم مزید موثر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پارکنگ کمپنی میں ریونیو جمع کرنے کی کافی صلاحیت ہے۔ خوشی ہے کہ لاہور پارکنگ کمپنی نے اپنے اقدامات کے ذریعے ریونیو میں اضافہ کیا ہے۔ ذیشان رفیق نے زور دیا کہ کمپنی لاہور شہر میں نئی پارکنگ سائٹس ڈویلپ کرے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پہلے مرحلے میں کمرشل سائٹس پر فوکس کیا جائے۔ لاہور پارکنگ کمپنی کو انتظامی طور پر بااختیار بنانے کیلئے وزیراعلی سے درخواست کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ کے معاملات بہتر بنائے بغیر مطلوبہ اہداف پورے نہیں ہوسکتے۔ لاہور پارکنگ کمپنی کی استعداد کار میں اضافے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں گے۔

اس موقع پر لاہور پارکنگ کمپنی کے سی ای او نویدالاسلام ورک نے بتایا کہ پارکنگ سائٹس پر اوور چارجنگ پر سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ وارننگ کے بعد ایف آئی آرز بھی درج کرائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر کی ہدایت کے مطابق نئی پارکنگ سائٹس کی تیاری کے لئے سروے جلد شروع کر دیا جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button