پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 25-2024 کے صوبائی ورکنگ پارٹی کے انتالیسویں اجلاس میں ٹرانسپورٹ سیکٹر کی ترقیاتی سکیموں کیلئے 43 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی ہے۔
چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ بورڈ پنجاب بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل، چیف اکانومسٹ مسعود انور ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی ، ممبران بورڈ اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب کے مختلف شہروں جن میں لاہور، ملتان , راولپنڈی ، فیصل اباد اور بہاولپور شامل ہیں کیلئے ماحول دوست بسوں کی خرید کیلئے تقریباً 43 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ ماحول دوست بسوں کی خریداری حکومت پنجاب کے ماحولیاتی مسائل کو حل کرنے کے لیے کئے گئے اقدامات کا تسلسل ہے جس کے تحت پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں لوگوں کو ماحولیاتی مسائل سے بچانے کے لیے روایتی ٹرانسپورٹ کو ماحول دوست ٹرانسپورٹ سے تبدیل کیا جائے گا۔