اعلیٰ تعلیم کےلیے امداد 6 ارب سے بڑھا کر 33ارب روپے کرنا حکومتی عزم کی عکاسی ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے این ای ڈی یونیورسٹی کے 33ویں کانووکیشن کے دوروان ادارے کے پاکستان میں تعلیم اور ایجادات کے میدان اہم کردار کو سراہا۔

اپنے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے طلبہ کو مبارکباد دی اور جامعہ کی جانب سے اپنے نصاب کو عالمی تعلیمی رجحانات سے ہم آہنگ کرنے کی تعریف کی۔

مراد علی شاہ نے جامعہ میں نظم و ضبط کو سراہا اور کہا کہ جامعہ سے فارغ التحصیل کئی پروفیشنلز عالمی سطح پر اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ 2021-2022 میں ادارے کی صد سالہ جشن میں شرکت کو اپنے لیے باعث فخر قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ این ای ڈی کی مادر علمی نے انقلابی منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان کے پیشہ وارانہ ماحول پر گہرا اثر چھوڑا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے خطاب کا مرکزی نکتہ سندھ حکومت اور انرٹیک کے تعاون سے بننے والا این ای ڈی یونیورسٹی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ پارک کا مقصد طلبہ، اساتذہ اور صنعتی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون کو بڑھانا ہے تاکہ صوبے کو معاشی ترقی دلائی جاسکے۔

وزیراعلیٰ نے حکومت سندھ کی جانب سے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی امداد 6 ارب سے بڑھا کر 33 ارب روپے کرنے کو تعلیمی ترقی کےلیے صوبے کے عزم کی عکاسی قرار دیا۔ انہوں نے پیپلز آئی ٹی پروگرام کا بھی حوالہ دیا جس کے تحت طلبہ کو آئی ٹی انڈسٹری کے تقاضوں کے مطابق گوگل کے جدید ٹولز کی مدد سے اہم آئی ٹی ٹریننگ دی جا رہی ہے۔

حالیہ چیلنجز سے نمٹنے کے سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ نے 2022 کے سیلاب کے بعد کی تعمیر نو سرگرمیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے تمام شہریوں سے ان کوششوں میں حصہ ڈالنے کی اپیل کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ این ای ڈی کے گریجویٹ ان کوششوں میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے گریجویٹس کو مبارباد دی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ حالیہ عالمی واقعات کے نتیجے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کا راستہ تلاش کرلیں گے۔ انہوں زور دیا کہ طلبہ اپنے تعلیمی تجربے کا اپنے خاندان، مادر علمی اور قوم کےلیے مثبت استعمال کریں۔ وزیراعلیٰ کے متاثر کن پیغام میں امید، استحکام ، پاکستان اور بیرون ملک کامیاب مستقبل کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

جواب دیں

Back to top button