محکمہ کھیل کے زیر اہتمام صوبائی دارالحکومت پشاور میں خیبر پختونخوا کی تاریخ میں اپنی نوعیت کی پہلی اور بڑی 3 روزہ ثقافتی، ہارس اینڈ کیٹل شو کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔افتتاحی تقریب میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری، صوبائی کابینہ اراکین، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، اعلیٰ سرکاری حکام، مختلف ثقافتی کھیلوں سے وابستہ کھلاڑی حضرات، شائقین اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
ہارس اینڈ کیٹل شو کا آغاز فری فال جمپ اور ائیر گلائڈنگ شو سے کیا گیا جن میں شائقین نے بڑی دلچسپی ظاہر کی جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کیٹل اور ہارس کے پریڈ سے سلامی لی۔ تقریب میں موسیقی اور روایتی ڈانس پیش کرنے کیساتھ ساتھ ڈاگ اور اونٹ ریس و ڈانس کا بھی بہترین مظاہرہ پیش کیا گیا۔ اسی طرح کبوتر ریس، آرٹ نمائش، فیملی فیسٹیول، مشاعرہ اور ونٹیج کار شو کا انعقاد بھی کیا گیا۔
ان 3 روزہ روایتی کھیلوں میں کبڈی، دنگل، اونٹ ریس، اونٹ ڈانس، ڈاگ ریس سمیت دیگر 16 مقابلے منعقد کئے جائیں گے جو 10 نومبر تک جاری رہیں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی علی امین خان گنڈاپور نے میلے میں شریک تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس میلے کے کامیاب انعقاد پر محکمہ کھیل اور شراکت دار تمام محکموں اور اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس میلے کے انعقاد کا مقصد اپنے آباؤ اجداد کی روایات اور ثقافت کو فروغ دے کر انہیں اپنی آنے والی نسلوں کو منتقل کرنا ہے۔
ثقافتی سرگرمیوں اور روایتی کھیلوں کے فروغ کےلئے اس طرح میلے پورے صوبے میں منعقد کئے جائیں تاکہ ایک طرف ہماری ثقافت اور روایتی کھیلوں کو فروغ ملے تو دوسری طرف عوام کو مثبت تفریح کے مواقع بھی فراہم ہو سکیں۔
ہم اس طرح کی سرگرمیوں کے ذریعے نہ صرف دنیا کو امین کا پیغام دیں گے بلکہ دہشتگردی کو بھی شکست دیں گے اور صوبے کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ اس موقع پر وزیراعلی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز، پولیس، سول انتظامیہ کے اہلکاروں اور عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔