نیٹکو ہیڈ آفس گلگت میں سٹی وین سروس، گلگت تا کاشغر بس سروس اور مسافروں کیلئے جدید ٹرمینل کا افتتاح

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے نیٹکو ہیڈ آفس گلگت میں سٹی وین سروس، گلگت تا کاشغر بس سروس اور مسافروں کیلئے جدید ٹرمینل کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیٹکو قومی ادارہ ہے۔ سابقہ ادوار میں اس اہم ادارے کو نظرانداز کیا گیا۔

ہماری حکومت نیٹکو کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ سالانہ گرانٹ کے علاوہ 15 جدید بسوں کی خریداری کیلئے 41 کروڑ کا خصوصی گرانٹ دیا گیا ہے۔ نیٹکو کی جانب سے سٹی وین سروس اور گلگت تا چائنہ بس سروس شروع کرنے سے ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولت میسر آئے گی۔ نیٹکو کی جانب سے آن لائن ٹکٹنگ سسٹم شروع کرنے سے مسافروں کو ٹکٹ کے حصول میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوگا۔ گلگت میں مسافروں کیلئے سٹی وین سروس شروع کرنے سے لوگوں کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ نیٹکو کو منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کررہے ہیں۔ سابقہ بقایا جات کی مرحلہ وار ادائیگی ممکن بنائی جارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ نیٹکو میں نئے اصلاحات متعارف کرانے سے عوام کا اعتماد بحال ہوگا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ایم ڈی نیٹکو کو ہدایت کی کہ گلگت اور سکردو کی طرز پر غذر اور دیامر سمیت تمام اضلاع میں مسافروں کیلئے جدید ٹرمنلز بنائے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی سیکریٹری خزانہ اور ایم ڈی نیٹکو کو قومی ادارے کا خسارہ کم کرنے اور منافع بخش بنانے کا ٹاسک دیا گیا تھا جس کو مختصر مدت میں پورا کرنے جارہے ہیں۔ نیٹکو اس وقت ماہانہ ایک کروڑ روپے بچت کررہاہے جو خوش آئند ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ایم ڈی نیٹکو اور نیٹکو انتظامیہ کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ایم ڈی نیٹکو کو ہدایت کی کہ ملازمین کو جنوری سے 15 فیصد ڈی آر اے الاؤنس دیا جائے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو ایم ڈی نیٹکو نے ادارے کی کارکردگی اور مختلف آپریشنز کے حوالے سے بریفنگ دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button