عوامی فلاح کے منصوبے پر متعلقہ ارکان اسمبلی سے مسلسل رابطہ رکھا جائے، وزیر اطلاعات عظمٰی بخاری،گلیوں کی مرمت سے پہلے تمام محکمے زیر زمین کام مکمل کر لیں، وزیر بلدیات ذیشان رفیق

وزیر اعلٰی مریم نواز کی قائم کردہ سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ٹاؤن ہال، میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور میں ہوا۔ کمیٹی کے ارکان وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری، وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ذیشان ملک، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری ہائوسنگ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام (ایل ڈی پی) کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے سٹیرنگ کمیٹی کے ارکان کو پروگرام میں جاری پیشرفت پر بریفنگ دی۔ وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے ہدایت کی کہ عوامی فلاح کے اس بڑے منصوبے پر متعلقہ ارکان اسمبلی سے مسلسل رابطہ رکھا جائے کیونکہ منتخب عوامی نمائندے اپنے حلقوں کے مسائل زیادہ بہتر سمجھتے ہیں، اس لئے ان کی مشاورت سے ہی بہتر نتائج مل سکتے ہیں۔ وزیراعلی مریم نواز چاہتی ہیں کہ ایل ڈی پی کی تکمیل کے بعد صوبائی دارالحکومت میں کوئی گلی یا رابطہ سڑک ٹوٹی نہ رہے۔ عظمی بخاری نے زور دیا کہ تمام سکیموں کی بروقت تکمیل اور مانیٹرنگ بھی ضروری ہے۔ اس حوالے سے موثر میکانزم تشکیل دینا ہوگا۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے نے کہا کہ ایم سی ایل کی 115 اور واسا کی 246 سکیموں کی تیاری پر کام جاری ہے۔ انہوں نے سختی کے ساتھ ہدایت کی کہ گلیوں کی مرمت سے پہلے تمام محکمے بالخصوص سوئی گیس اور سیف سٹی اتھارٹی زیر زمین کام مکمل کر لیں۔ کوئی سکیم مکمل ہونے کے بعد کھدائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر محکموں کو تحریری طور پر آگاہ کریں۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز نے خوشنما گلیوں کی تیاری کی ہدایت کی ہے۔ رنگ برنگی گلیوں کا یہ نیا کلچر لاہور کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سکیم میں ہارٹیکلچر کا پہلو بھی مدنظر رکھا جائے۔ ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ تمام معاملات میں ارکان اسمبلی کا فیڈبیک لازمی لیا جائے۔ جون 2025 تک لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کو مکمل کر لیا جائے گا۔ تمام سکیموں میں رفتار اور شفافیت کا خیال بھی رکھا جائے۔ اس موقع پر معاون خصوصی ذیشان ملک نے وزیراعلٰی کیلئے تفصیلی پریذینٹیشن تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف اگلے ماہ دسمبر میں منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گی۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ وزیراعلی کی ہدایات کے مطابق ٹائلز کا ڈیزائن بنوایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسٰی رضا نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز منتخب نمائندوں کے ساتھ رابطے میں رہیں اور ٹینڈرنگ کا کام مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کر لیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button