وزیر اعلٰی ہاؤس پشاور میں ”چیف منسٹر ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ“ کے تحت سکالرشپس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی ۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ صوبائی وزیر تعلیم مینا خان آفریدی، سرکاری حکام کے علاؤہ طلبہ اور ان کے والدین بھی تقریب میں شریک ہوئے ۔ وزیراعلٰی نے اس موقع پر 82 طلبہ میں سکالرشپ سرٹیفیکٹس تقسیم کیں۔ یہ سکالر شپس فلی فنڈڈ ہیں، جن میں ٹیوشن فیس اور مفت رہائش کے علاؤہ خوراک الاؤنس بھی شامل ہے ۔سی ایم ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت 615 ملین روپے کی لاگت سے اب تک 526 سکالر شپس فراہم کی جا چکی ہیں۔ ان سکالرشپس میں 366 انڈر گریجویٹ اور 150 گریجویٹ سکالرشپس شامل ہیں جو پاکستان کے ٹاپ تعلیمی اداروں میں تعلیم کےلئے فراہم کی گئی ہیں۔ 10 گریجویٹ سکالر شپس مختلف بین الاقوامی جامعات کےلئے دی گئی ہیں۔سکالر شپس تقسیم کرنے کی تقریب سے وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کا خطاب کیا۔
وزیراعلٰی نےچیف منسٹر ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کی رقم 1.2 ارب روپے سے بڑھا کر 2.4 ارب روپے کرنے کا اعلان کیا ۔ صوبائی حکومت اگلے مالی سال سے تمام اعلیٰ تعلیمی اداروں میں فیسوں کو آدھا کرنے کی پوری کوشش کرے گی۔علی امین خان گنڈاپور نے مزید کہا کہ بچیوں اور یتیم بچوں کو بارہویں جماعت تک مفت تعلیم دینے کے لیے 2 ارب روپے مالیت کا فنڈ قائم کر دیا ہے، اپنے بچوں کی تعلیم اور ان کے بہتر مستقبل پر زیادہ سے زیادہ وسائل خرچ کریں گے، اس مقصد کے لئے صوبے کی آمدن بڑھانے پر کام جاری ہے۔گزشتہ 8 مہینوں کے دوراں صوبائی حکومت کی اپنی آمدن میں 44 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، ہم اپنے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرکے انہیں صحیح معنوں میں ملک و قوم کا اثاثہ بنائیں گے۔
مجھے یقین ہے ہمارے نوجوانوں نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر صوبے کا نام روشن کریں گے، نوجوان بین الاقوامی سطح پر ملک اور اسلام کا مثبت تشخص اجاگر کریں، یقین دلاتا ہوں صوبائی حکومت نوجوانوں کو مکمل سپورٹ فراہم کرے گی، سکالرشپس حاصل کرنے والے بچوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔