پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2024-25 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 53ویں اجلاس میں لوکل گورنمنٹ سیکٹر کی 5ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 7 ارب 16کروڑ 82لاکھ 26ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے کی۔
صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں بہاولنگر شہر میں واٹر سپلائی سسٹم کی بہتری کیلئے 67کروڑ 54لاکھ 80ہزار روپے، بہاولنگر شہر میں سیوریج سسٹم کی بہتری کیلئے 1 ارب 60کروڑ 28لاکھ 30ہزار روپے، میونسپل کمیٹی حافظ آباد میں سیوریج سسٹم کی بحالی کیلئے 1 ارب 74کروڑ 43لاکھ 96ہزار روپے، کوٹ ادو شہر میں سیوریج سسٹم کی بحالی کیلئے 1 ارب 19کروڑ 93لاکھ 20ہزار روپے اور وزیر آباد میں سیوریج سسٹم کی فراہمی اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے 1 ارب 94کروڑ 62لاکھ روپے شامل ہیں۔اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل سمیت متعلقہ سیکرٹریز، محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔