کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات کی زیر صدارت کوئٹہ شہر کی بہتری،ٹریفک کے مسائل اور ایم سی کیو کی پراپرٹیز کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹننٹ (ر) سعد بن اسد،سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ علی درانی،اسسٹنٹ کمشنر پولی ٹیکنیکل کوئٹہ ڈویژن کلیم اللہ کے علاؤہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ شہر میں غیر قانونی رکشوں اور پلاسٹک تھیلیوں کی روک تھام کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کے علاؤہ شہر کے انٹری پوائنٹس پر ایف سی اور پولیس کو رکشہ اور پلاسٹک لانے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی

جبکہ شہر میں دوران کارروائی پکڑ گئے غیر قانونی رکشوں کو اسکریپ کیا جائے گا۔سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ شہر میں الیکٹرانک رکشوں کے حوالے سے تمام اسٹک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر قابل عمل پالیسی مرتب کریں،جبکہ ای چارجنگ اسٹیشن لگانے کے لیے تمام پٹرول پمپس کو مراسلہ جاری کیا جائے۔اجلاس میں سرکلر پارکنگ پلازہ کے حوالے سے ہدایت کی گئی کہ 10 یوم کے اندر لفٹ لگانے اور چار لفٹر گاڑی لانے کے لیے ٹھیکیدار کو نوٹس دیا جائے بصورت دیگر اس کا پارکنگ لائسنس منسوخ کیا جائے۔مٹن مارکیٹ کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جوکہ متاثرین کے بات چیت کرکے مسائل کو جلد از جلد حل کریں۔شہر سے ڈیری فارم کو باہر منتقل کرنے کے حوالے سے جگہ کا تعین کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا جائے۔شہر کے تجارتی علاقوں کی منصوبہ بندی اور چمن ماسٹر پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں ایم سی کیو کو ہدایت کی گئی کہ ٹیکس کلیکشن کے حوالے سے گزشتہ آٹھ ماہ کی ریونیو ریکارڈ اور ریونیو لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائز کرانے کے حوالے سے پروگرس رپورٹ پیش کریں۔اجلاس میں کہا گیا کہ ایم سی کیو کی قبضہ پراپرٹیز کے معاملہ اور ملازمین کو کوارٹرز کی الاٹمنٹ جلد از جلد مکمل کر کے ہاؤس رینٹ کی کٹوتی شروع کی جائے اور کوارٹرز غیر متعلقہ افراد سے خالی کرائی جائیں۔شہر میں صفائی کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں زون ون کی طرح زون ٹو کو بھی صفاء کوئٹہ کے حوالے کیا جائے گا تاکہ شہر میں صفائی کی صورتحال میں مزید بہتری آئے۔ اجلاس میں کچلاک اور نواں کلی میں ٹرنچنگ گراؤنڈ کی دستیابی،کچلاک میں ڈرگ ری ہیب سینٹر، ہزار گنجی بس ٹرمینل کو فعالیت، فاطمہ جناح گرلز اسکول کی اوٹ سورس،بے نظیر ہاسپٹل میں لائبریری کی منتقلی اور دیگر اہم معاملات زیر غور لائے گئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ کوئٹہ شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ہم سب کو مل کر اقدامات اٹھانے ہوں گے اور ایسے فیصلے کرنے ہوں گے جس سے کوئٹہ ایک خوبصورت اور بہترین شہر بناسکے۔






