محکمہ بلدیات پنجاب نے پنجاب ڈیمارکیشن،کلاسیفکیشن اینڈ نیمینگ آف لوکل ایریاز رولز 2025ء کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔یہ رولز پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025ء کے تحت تیار کئے گئے ہیں۔جنھیں پنجاب حد بندی،درجہ بندی،اور مقامی علاقوں کے ناموں کے قواعد 2025ء کا نام دیا گیا ہے۔

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے قبل حد بندیوں کے اختیارات ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو دیئے گئے ہیں۔کمشنر متعلقہ ڈویژن کے تمام مقامی علاقوں کے لئے حد بندی اتھارٹی ہوگا۔ڈپٹی کمشنر متعلقہ ضلع کا حد بندی آفیسر اور اسسٹنٹ کمشنر متعلقہ تحصیل کا ڈیمارکیشن آفیسر ہوگا۔رولز الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھی وصول کروا دیئے گئے ہیں۔گزٹ نوٹیفکیشن سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور سیکرٹری قانون کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔






