صوبے میں گورننس کی بہتری اور شفافیت کو یقینی بنائیں گے، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ صوبے میں گورننس کی بہتری اور شفافیت کو یقینی بنائیں گے۔ مفاد عامہ کے منصوبوں میں کسی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وسائل کا استعمال عوام کی فلاح و بہبود اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے کیا جائے گا۔ ماضی میں مختلف منصوبوں میں ہونے والی بے ضابطگیوں کے حوالے سے کئے جانے والی انکوائریز کو منطقی انجام تک نہیں پہنچایا گیا۔

ہم جزاء اور سزاء کے نظام کو بلاتفریق سختی سے نافذ کرینگے۔ ہم نیک نیتی اور میرٹ پر کام کررہے ہیں اور سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وزیر اعلیٰ معائنہ کمیشن کی جانب سے دیئے جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے وزیر اعلیٰ معائنہ کمیشن کے ممبران کو ہدایت کی کہ میرٹ کو یقینی بناتے ہوئے نیک نیتی اور ہر قسم کی وابستگیوں اور تعصبات سے بالاتر ہوکر کام کریں۔ وزیر اعلیٰ نے وزیر اعلیٰ معائنہ کمیشن کی جانب سے 262مختلف منصوبوں کے حوالے سے کئے جانے والے انکوائری رپورٹس پر عملدرآمد کے حوالے سے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن سے تفصیلی رپورٹ طلب کی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر چیئرمین وزیر اعلیٰ معائنہ کمیشن کو ہدایت کی کہ کرایے پر ڈیزل جنریٹرز لینے اور ڈیزل جنریٹرز کے استعمال کی مد میں تقریباً پونے 2ارب کا بجٹ استعمال کرنے کی مکمل انکوائری کرکے ایک ماہ میں رپورٹ وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں جمع کرائی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ برقیات کی جانب سے ڈیزل جنریٹرز کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایت پر چیئرمین وزیر اعلیٰ معائنہ کمیشن کو ایک مہینے میں انکوائری کرنے کے احکامات دیئے اور تانگیر میں لنک روڈز کی تعمیر میں بھی بے ضابطگیوں کے حوالے سے وزیر اعلیٰ معائنہ کمیشن کو انکوائری کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو چیئرمین وزیر اعلیٰ معائنہ کمیشن فدا حسین نے وزیر اعلیٰ معائنہ کمیشن کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

جواب دیں

Back to top button