وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت ورلڈ بینک کے تعاون سے دو لاکھ گھروں کو سولرز کی فراہمی کے حوالے سے محکمہ توانائی کے دفتر میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں سولرز کی تقسیم کے طریقہ کار کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں ورلڈ بینک کی جانب سے سینئر انرجی اسپشلسٹ ڈومیٹرو گلاوو (Dmytro Glazkov)، انرجی اسپشلسٹ مناحل رضا اور کنسلٹنٹ ابرار خٹک نے شرکت کی جبکہ محکمہ توانائی کی جانب سے سیکریٹری مصدق احمد خان، پروجیکٹ ڈائریکٹر سندھ سولر انرجی محفوظ احمد قاضی، اسٹریٹجک ایڈوائزر سونیا سومرو شریک تھے۔ اسکے علاوہ مختلف سولرز تقسیم کار کمپنیوں کے سربراہان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقعہ پر وزیر توانائی ناصر شاہ نے ورلڈ بینک کے وفد اور تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت کی کہ سولرز کی تقسیم کے طریقہ کار کو نہایت آسان اور لوگوں کی سہولت کے مطابق رکھا جائے۔ انھوں نے اجلاس میں یہ بھی ہدایت کی کہ سولرز کی تقسیم کے حوالے سے اقدامات کی رفتار بڑھائی جائے اور تمام کام میں میرٹ اور شفافیت برقرار رکھی جائے۔ صوبائی وزیر نے سولرز تقسیم کار کمپنیوں کے سربراہان کو کہا کہ تمام اقدامات مقررہ وقت پر مکمل کریں اور کسی بھی مشکلات کی صورت میں براہ راست رابطہ کیا جائے ۔ ناصر شاہ نے کہا کہ پروجیکٹ کو چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن اور ہدایات کے مطابق مقررہ وقت پر جلد از جلد مکمل کیا جائے اور کوشش کی جائے کہ تین ماہ کے اندر اسکے ثمرات عوام تک پہنچائے جائیں۔






