جو جٹسو کی ورلڈ چیمپئن کائنات عارف اور اسرا وسیم نے اپنے کوچ طارق علی کی سربراہی میں وزیر بلدیات سندھ سعید غنی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
گلوبل ایسوسی ایشن آف مکسڈ مارشل آرٹس کے چیئرمین طارق علی نے ان دونوں ورلڈ چیمپئن کا صوبائی وزیر سے تعارف کروایا اور بتایا کہ یہ دونوں کراچی سے تعلق رکھنے والی کھلاڑیوں نے گذشتہ 5 برس کے درمیان منعقد ہونے والے جو جٹسو ٹورنامنٹ میں حصہ لیا اور پاکستان کے لئے سونے اور چاندی کے تمغہ حاصل کئے۔
کائنات عارف اور اسرا وسیم نے اس کے علاوہ ورلڈ چیمپئن شپ، ایشیا چیمپئن شپ سمیت دیگر عالمی سطح کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔دونوں نواجوان کھلاڑیوں نے صوبائی وزیر کو اس حوالے سے اپنی کارکردگی اور مختلف نیشنل اور انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں اپنی شاندار کارکردگی سے آگاہ کیا۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے ان کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ان دونوں کھلاڑیوں سمیت ان کی دیگر انڈر 14 اور انڈر 18 کی ٹیموں کی عالمی سطح پر کارکردگی قابل ستائش ہے۔






