وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت امن مشق اور مکالمے کی تیاریوں پر تبادلہ خیال،ایونٹ 7 سے 11 فروری ہوگا، 56 ممالک شرکت کریں گے، کمانڈر کراچی کی بریفنگ

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں 7 سے 12 فروری تک منعقد ہونے والی امن مشق اور مکالمے کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا، میئر مرتضیٰ وہاب، کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد فیصل، سیکریٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس، کمشنر کراچی، صوبائی سیکریٹریز اور پاکستان نیوی، رینجرز سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

کمانڈر کراچی (کومکار) وائس ایڈمرل محمد فیصل نے امن مشق اور مکالمے کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ایونٹ 7 سے 11 فروری 2025 تک منعقد ہوگا جس میں 56 ممالک اور متعدد نیول چیفس شرکت کریں گے۔

مراد علی شاہ نے کراچی کے لیے امن ایونٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا، ’’یہ بہت اہم ہے۔‘‘ انہوں نے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت تمام مہمانوں کا پرتپاک استقبال کرے گی۔

وزیر اعلیٰ نے میئر کراچی کو ہدایت دی کہ ایونٹ سے قبل تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے خاص طور پر شہر کی اسٹریٹ لائٹس، سیوریج نظام، سڑکوں کی مرمت اور صفائی کی بہتری کے احکامات دیے۔

مزید برآں ایونٹ کے لیے ضروری سیکیورٹی اقدامات بھی وضع کیے گئے ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ امن ایونٹ ہمارا اپنا اقدام ہے، اور اسے شاندار انداز میں منعقد کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے آئی جی پولیس کو ہدایت دی کہ وہ پاک بحریہ سے مشاورت کرکے ضروری سیکیورٹی انتظامات مکمل کریں۔

جواب دیں

Back to top button