نامور کارٹونسٹ، پُتلی آرٹسٹ اور مزاح نگار فاروق قیصر المعروف انکل سرگم کو رخصت ہوئے دو برس بیت گئے .

سید فاروق قیصر نے پی ٹی وی کے 1976 میں شروع ہونے والے مشہور پروگرام "کلیاں” اور انکل سرگم سے اتنی شہرت اور مقبولیت پائی کہ سمجھیں ہر گھر کے فرد بن گئے.

 

فاروق قیصر 31 اکتوبر 1945 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے. والد کی ملازمت کی وجہ سے مختلف شہروں سے تعلیم حاصل کی. کوہاٹ میں پڑھے، میٹرک پشاور سے ، ایف اے کوئٹہ سے اور گریجویشن نیشنل کالج آف آرٹس لاہور سے کی اور گولڈ میڈل حاصل کیا۔ فائن آرٹس میں ماسٹرز رومانیہ سے کیا. 1999ء میں کیلیفورنیا امریکا سے ماس کمیونی کیشن میں بھی ماسٹرز کیا ۔ پہلی بار سلیمہ ہاشمی اور شعیب ہاشمی نے 1971 میں پی ٹی وی پر ‘اکڑ بکڑ’ کے ذریعے متعارف کرایا ۔ وہ این سی اے راولپنڈی کیمپس اور فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی میں پڑھاتے بھی رہے. ان کے مزاحیہ کالم اور کارٹون مختلف اخباروں میں شائع ہوتے رہے. ان دنوں کالم کا عنوان "میٹھے کریلے” تھا.

 

انگریزی فلموں کی پنجابی فلموں جیسی مزاحیہ ڈبنگ بھی فاروق قیصر نے شروع کی۔’حشر نشر’ کے نام سے ان کے پروگرام کے بعد بہت سے لوگ یہ کام کررہے ہیں.

‘پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس’ کا ‘لوگو’ بھی فاروق قیصر نے ہی ڈیزائن کیا تھا۔

 

فاروق قیصر نے تقریباً 120 کردار تخلیق کیے، جن میں سے درجن بھر کو بہت شہرت ملی۔ انہوں نے 40 ڈرامے اور بے شمار نغمات بھی لکھے جن میں قومی نغمے بھی شامل ہیں۔

 

سید فاروق قیصر نے23 مارچ 2021ء کو صدرِ پاکستان عارف علوی سے ‘ستارہ امتیاز’ وصول کیا، جس کے لیے وہ وہیل چیئر پر آئے تھے،اس سے پہلے 1993 میں انہیں تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا تھا۔

 

فاروق قیصر کی ایک نظم

 

بچوں سے کھیلتے ہو

بوڑھے جو ہوچکے ہو

نظریں چُرا رہے ہو

کیا تم بھی رو چکے ہو

باہر کیا ڈھونڈ رہے ہو

جو گھر میں کھو چکے ہو

آنکھیں کھلی ہوئی ہیں

لگتا ہے سو چکے ہو

 

فاروق قیصر کی کتابیں

 

ہور پچھو

کالم کلوچ

میٹھے کریلے

میرے پیارے اللہ میاں

 

تخلیق کردہ مقبول کردار :

 

انکل سرگم

ماسی مصیبتے

ہیگا

شرمیلی

رولا

نونی پا

 

فاروق قیصر کے ٹیلی ویژن شو

 

کلیاں (1976ء) پی ٹی وی

ڈاک ٹائم (1993ء) این ٹی ایم

سرگم سرگم (1995ء) پی ٹی وی

سیاسی کلیاں (2010ء) ڈان نیوز

سرگم بیک ہوم (2016ء سے) پی ٹی وی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button