خیبر پختونخوا میں موسم بہار کی شجرکاری مہم برائے سال 2025، وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے وزیراعلٰی ہاؤس کے لان میں پودا لگا کر مہم کا باضابطہ آغازکردیا۔ مہم کے تحت صوبہ بھر میں 26 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقر کیا گیا ہے، ان پودوں میں عام پودوں کے ساتھ ساتھ پھلدار درخت بھی شامل ہیں،
مہم کے تحت سنٹرل سدرن فارسٹ ریجن میں آٹھ لاکھ 92 ہزار پودے لگائے جائیں گے، ناردرن فارسٹ ریجن میں 10 لاکھ 57 ہزار جبکہ ملاکنڈ فارسٹ ریجن میں آٹھ لاکھ 64 ہزار پودے لگائے جائیں گے، اس مقصد کے لئے 20 لاکھ پودے عوام میں تقسیم کئے جائیں گے، مہم کے دوراں محکمہ جنگلات کی طرف سے ساڑھے 5 لاکھ 60 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔وزیراعلٰی نے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت خصوصی شجرکاری مہم کا بھی اجراء کردیا۔ پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت رواں سال 82,544 پودے لگائے جائیں گے۔ اس کے علاؤہ سال میں 2 مرتبہ کل 4 لاکھ 80 ہزار موسمی پودے بھی لگائے جائیں گے۔ یہ پودے حیات آباد ، ریگی ماڈل ٹاؤن ، جی ٹی روڈ ، جمرود روڈ ، رنگ روڈ ، موٹر وے اور نادرن بائی پاس پر لگائے جائیں گے۔ بی آر ٹی کے فلائی اوورز اور پلرز پر بھی 1300 سے زائد کلمبرز لگائے جائیں گے۔ گزشتہ تین سالوں میں پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت 191،202 پودے لگائے گئے ہیں۔وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ شجرکاری کاری مہم کے دوراں زیادہ سے زیادہ ماحول دوست پودے لگائے جائیں گے، مہم کے دوران پھلدار پودے لگانے پر خصوصی توجہ دی جائے، تعلیمی اداروں کے احاطوں میں پودے لگائے جائیں، شجرکاری مہم کے دوران لگائے جانے والے پودوں کی دیکھ بھال کا مناسب انتظام کیا جائے، شجرکاری ایک قومی فریضہ ہے، عوام بڑھ چڑھ کر شجرکاری مہم میں حصہ لیں۔
موجودہ صوبائی حکومت بانی چئیرمین کے وژن کے مطابق صوبے کو گرین خیبر پختونخوا بنانے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کا واحد موثر طریقہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری ہے، عوام اس سلسلے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔






