وزیراعلٰی مریم نواز نے ڈمپرز کو ڈھک کر کوڑا منتقل کرنے کا حکم دیا ہے، گند سڑکوں پر نہیں گرنا چاہیئے، آگاہی مہم شروع کی جائے،وزیر بلدیات ذیشان رفیق

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ صفائی کرنے سے زیادہ اسے برقرار رکھنا اصل ٹاسک ہے۔ خوشی کی بات ہے کہ وزیراعلٰی مریم نواز کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت گندگی کے برسوں پرانے ڈھیر کلیئر کر دیے گئے۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ملتان، ڈی جی خان اور بہاولپور ڈویژن میں ستھرا پنجاب میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ آسیہ گل، متعلقہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز کے سی ای اوز اور کنٹریکٹرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر ہر تحصیل انچارج کی جانب سے شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کے اہداف پر بریفنگ دی گئی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت کی ہدایت کے مطابق تمام علاقوں میں ون ٹائم کلیننگ مکمل کی جا چکی ہے۔ صوبائی وزیر نے سی ای اوز کو ہدایت کی کہ گندگی کے ہاٹ سپاٹس کی مسلسل نگرانی کی جائے اور وہاں دوبارہ کوڑا جمع نہ ہونے دیا جائے۔ پہلی دفعہ ہر تحصیل میں کم از کم ایک لینڈ فل سائٹ بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے باعث مقامی انجینئرنگ انڈسٹری کو زبردست فروغ مل رہا ہے۔ کنٹریکٹرز کی طرف سے مشینری کے آرڈرز سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ شہریوں میں صفائی کے بارے میں آگاہی مہم لازمی چلائی جائے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے ڈمپرز کو ڈھانپ کر کوڑا منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ ڈمپرز والا گند سڑکوں یا راستوں پر نہیں گرنا چاہیئے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ جن علاقوں میں افرادی قوت کی بھرتی مکمل ہے وہاں ڈور ٹو ڈور کولیکشن شروع کر دیں۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت عارضی کولیکشن پوائنٹس اور لوڈر رکشوں کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور اور لاہور کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے اجلاس ہوچکے ہیں۔ کل (بدھ) فیصل آباد، سرگودھا اور ساہیوال کی کمپنیوں اور کنٹریکٹرز کو بلایا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب کے عوام کو صفائی کی معیاری خدمات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

جواب دیں

Back to top button