اسلام آباد میں اشیاء خوردونوش سستی لاہور میں مہنگی ہو گئیں۔سبزیاں اور پھلوں کے نرخ بھی اسلام آباد میں لاہور سے کم ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اشیاء خوردونوش کے حوالے سے سستا جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور مہنگا شہر بن گیا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ماہ رمضان میں اشیاء خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ وفاقی دارالحکومت کے چیف کمشنر کے ترجمان کے مطابق ماہ رمضان میں قائم اسلام آباد کے سستے بازار میں اشیاء خوردونوش کی قیمتیں دیگر شہروں کی نسبت کم ہیں۔رمضان المبارک میں اسلام آباد میں آلو 54 روپے کلو جو کہ لاہور کی نسبت کم قیمت پر فروخت ھو رہاہے۔پیاز 73 روپے کلو جو کہ لاہور اور دیگر شہروں کی نسبت ارزاں اور کم ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں ٹماٹر کی سرکاری قیمت 49 روپے کلو ہے جو کہ لاہور اور دیگر شہروں کی نسبت کم ہے۔
کیلا، شکری ، مسمی اور انار دیگر اشیاء بھی ملک کے دیگر شہروں سے سستی فروخت ہورہی ہیں۔اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کو اپنے علاقوں میں اشیاء خوردونوش کی فراہمی اور سرکاری قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنائیں، محمد علی رندھاوا نے مزید ہدایت کی ہے کہ متعلقہ افسران کو سستے بازاروں اور منڈیوں میں موجود رہنے اور شکایات کے فوری ازالے، سستے بازاروں میں اشیائے خوردونوش کے ارزاں نرخ اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد نے مزید کہا ہے کہ رمضان سستے بازاروں میں اشیاء کی وافر مقدار اور سرکاری قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے۔سستے بازاروں میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کی فہرست نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کو یقینی بنایا جائے۔اوور چارجنگ اور منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔






