وزیر بلدیات آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی تنظیم نو کیلئے آرگنائزنگ کمیٹیز کے قیام اور ناموں کا فیصلہ پارٹی کے کراچی اجلاس میں ہوا تھا۔ اجلاس میں طے ہوا تھا کہ ایم ایل ایز اور ٹکٹ ہولڈرز ہی ممبرز ہونگے باغ سے سردار قمرالزمان خان نے خود اور سردار ضیاء القمر دونوں کے بجائے اپنی جگہ دیگر نامزدگی کی تجویز دی جس پر مبشر اعجاز خان ممبر بنے اور مظفرآباد شہر کے حلقہ میں اختلاف رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے دو ممبرز لیے گئے میری ذاتی خواہش تھی کہ حویلی سے خواجہ طارق سعید ممبر ہوں لیکن پالیسی کے تحت مجھے ممبر بننا پڑا البتہ میں نے عمومی رائے کے پیش نظر انہیں کمیٹی میں شامل کرنے کی تحریک کی ہے وہ بھی ممبر ہونگے جہاں تک خواتین کی عدم شمولیت کا تعلق ہے تو خواتین ونگ کی الگ سے تنظیم سازی ہونا ہے جس کیلیے الگ خواتین پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی ہے۔

مزید یہ کہ ان کمیٹیز کو خاتون انچارج پارٹی امور محترمہ فریال تالپور کی تائید حاصل ہے اسی طرح یوتھ ونگ کی کمیٹی بہت نظریاتی اراکین پر مشتمل ہے جنہوں نے پی ایس ایف اور یوتھ کیلئے زندگیاں گزار دیں البتہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر عہدے سے فارغ ہونے والے کسی عزیز کی مشاورت کی معصوم خواہش پوری کرنا ممکن نہ ہے۔ یہ کمیٹیز صرف مشاورت سے ضلعی اور تحصیل سطح کی تنظیم سازی تک محدود ہیں۔ مرکزی عہدیداران کے چناو سے ان کمیٹیز کا کوئی تعلق نہیں۔






