ضلعی انتظامیہ لاہور، ایڈمنسٹریٹر اور ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کی قیادت میں، لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام پر تیزی سے پیش رفت کر رہی ہے اور اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی زیر صدارت یہ اجلاس لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ مدثر نواز، سی او ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، واسا اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے پہلے مرحلے پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنرز، واسا اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران نے ترقیاتی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے تمام ترقیاتی کاموں کو وقت پر اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو حکم دیا کہ منصوبے کو اعلیٰ معیار اور بروقت طریقے سے مکمل کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی جلد اور معیاری تکمیل اس سلسلے میں اہم قدم ہے۔






