پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 25-2024 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 75ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 15 ارب 54کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں جن منصوبوں کی منظوری دی گئی

ان میں چھانگا مانگا، ویٹ لینڈ، اچھالی لیک اور چشمہ کے مقام پر ایکوٹورزم کے فروغ کے لیے 8 ارب 71 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری، لاہور ہائی کورٹ کے ملازمین کی رہائش گاہوں کی تعمیر کے لیے ایک ارب 60 کروڑ روپے کی منظوری، چوبرجی گارڈن میں سرکاری ملازمین کی رہائش کے لیے تین ٹاور بلڈنگ کی تعمیر کے لیے 3 ارب روپے کی منظوری ، راولپنڈی سٹی کو صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کی فیزیبلٹی سٹڈی کے لیے 4 کروڑ 80 لاکھ روپے کی منظوری، داؤد چوک سے فش فارم ستیانہ روڈ فیصل اباد تک مضبوط پائپ لائین بچھانے کے لیے ایک ارب 24 کروڑ روپے کی منظوری اورجواد چوک سے چوکیرا ڈسپوزل اسٹیشن فیصل اباد انڈر گراؤنڈ چینل کی تعمیر کے لیے 94 کروڑ 49 لاکھ کی منظوری شامل ہے۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل ، چیف اکانومسٹ محمد مسعود انور، متعلقہ سیکرٹریز، محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔






