ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کا تحصیل شالیمار کا دورہ، انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے تحصیل شالیمار کا دورہ کیا جہاں انہوں نے انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا اور انسداد تجاوزات اور صفائی آپریشن کی سست رفتاری پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور شاہد عباس کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر شالیمار ثاقب ترازی اور دیگر افسران موجود تھے۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے شالیمار چوک، ڈیرہ گجراں اور اس کے اطراف کا معائنہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر شالیمار نے انہیں علاقے میں جاری انتظامی کارروائیوں پر بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ رہائشی علاقوں سے جھگیوں اور مویشیوں کو منتقل کرنے کی کارروائی جاری ہے۔ ڈی سی سید موسیٰ رضا نے ریگولیشن ونگ، واٹر اینڈ سینیٹیشن اتھارٹی (واسا) اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کو سخت ہدایات جاری کیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے "کلین لاہور مشن” کو کامیاب بنایا جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ گھر گھر کچرا اٹھانے کا عمل روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنایا جائے اور شہریوں میں آگاہی مہم چلانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر اور ایل ڈبلیو ایم سی کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔ واسا کو سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیل شالیمار میں جاری کارروائیوں کی رفتار کو بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ تجاوزات کا خاتمہ اور صفائی آپریشن ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو واضح کیا کہ سست روی برداشت نہیں کی جائے گی اور روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر شالیمار کو ہدایت کی گئی کہ وہ فیلڈ میں محکموں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کو یقینی بنائیں اور باقاعدہ رپورٹس جمع کروائیں۔ ڈی سی نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی قبول نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی صفائی اور تجاوزات کے خاتمے سے نہ صرف لاہور کی خوبصورتی بحال ہوگی بلکہ لوگوں کو روزمرہ زندگی میں بھی آسانی ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے "کلین لاہور مشن” کو ہر قیمت پر کامیاب بنانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے ڈی سی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ انتظامیہ شہریوں کی بھرپور سہولت کے لیے پرعزم ہے اور ایک منظم اور خوبصورت شہری منصوبہ بندی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔

جواب دیں

Back to top button