ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کا ہفتہ وار جائزہ اجلاس

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کا ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ، چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ترقیاتی وژن کو عملی شکل دینے کے لیے جاری منصوبوں کا جائزہ لینا اور ان کی رفتار کو یقینی بنانا تھا۔ ضلعی انتظامیہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے، ان کے معیار اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے پوری تندہی سے کوشاں ہے اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے تمام جاری ترقیاتی کاموں کی مسلسل اور کڑی نگرانی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام ٹھیکیداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ تفویض کردہ کاموں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں۔ اس حوالے سے کسی قسم کی سستی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کا ایک اہم پہلو شہر کی ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور کچی گلیوں کی بحالی اور تعمیر ہے۔ ان گلیوں کی حالت زار سے شہریوں کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے، انتظامیہ ان کی تعمیر و مرمت کے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کروا رہی ہے۔ اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ تمام بحالی کے کام اعلیٰ معیار کے ہوں تاکہ شہری لمبے عرصے تک ان سے مستفید ہو سکیں۔ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کی کڑی نگرانی جاری رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دیرپا اور معیاری کام ہی شہریوں کو طویل مدت تک فائدہ پہنچا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام صرف سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر تک محدود نہیں بلکہ یہ شہریوں کی زندگیوں میں ایک مثبت تبدیلی لانے کا ذریعہ بنے گا انتظامیہ اس پروگرام کو اس کے اصل اہداف کے ساتھ مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اجلاس میں شریک افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے منصوبوں کی پیش رفت پر گہری نظر رکھیں اور درپیش مسائل کو فوری حل کریں۔ ضلعی انتظامیہ کا فوکس ترقیاتی عمل کو تیز، شفاف اور شہریوں کے لیے زیادہ سے زیادہ مفید بنانا ہے۔

جواب دیں

Back to top button