محکمہ بلدیات پنجاب کا اجلاس، عیدالاضحٰی کیلئے صفائی پلان اور کیٹل پوائنٹس کے انتظامات کی منظوری

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی بذریعہ ویڈیو لنک صدارت میں سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران عیدالاضحٰی کیلئے صفائی پلان اور کیٹل پوائنٹس کے انتظامات کی منظوری دے دی گئی ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی بھی موجود تھے جبکہ دیگر اضلاع سے ڈپٹی کمشنرز، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز اور میونسپل چیف آفسیرز نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عیدالاضحٰی کی چھٹیوں کے دوران ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں اور میونسپل اداروں کا متعلقہ سٹاف ڈیوٹی پر حاضر رہے گا۔ سول سیکرٹریٹ میں قائم مرکزی کنٹرول روم مسلسل پورے صوبے میں صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کریگا۔اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے آغاز کے بعد یہ پہلی عیدالاضحٰی ہے۔ گزشتہ عید پر کم وسائل کے باوجود عوام کی توقعات پر اترے تھے۔ اس دفعہ وزیراعلی مریم نواز کے ویژن کے تحت پنجاب بھر میں صفائی کا مربوط نظام موجود ہے جس کے باعث عوام کی توقعات بھی بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دفعہ ہم سب کو پہلے سے زیادہ محنت اور جذبے کے ساتھ کام کرنے کا عزم کرنا ہوگا۔ وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز اور سی ای اوز کیٹل پوائنٹس اور فیلڈ کے دورے کریں۔ قربانی کی الائشوں کو کسی وقفے کے بغیر ٹھکانے لگایا جائے۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں شہریوں میں ماحول دوست ویسٹ بیگ تقسیم کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ عارضی ویسٹ کولیکشن پوائنٹس کو فوری خالی کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے یہ ہدایت بھی کی کہ ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی شہریوں کی شکایات پر بلاتاخیر ایکشن لے کر کنٹرول روم کو رپورٹ بھجوائی جائے۔ ذیشان رفیق نے خبردار کیا کہ وزیراعلی مریم نواز نے فول پروف انتظامات کی سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیراعلی کے مقرر کردہ اہداف کے حصول میں کوئی نرمی نہیں ہوگی۔ ہر تحصیل میں میڈیا کو بھی کئے گئے انتظامات پر اپ ڈیٹ رکھا جائے۔ کسی جگہ پر بدانتظامی کی شکایت ملی تو سخت ایکشن لیا جائے گا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں کیٹل پوائنٹس میں پانی کی سہولت کا لازمی خیال رکھا جائے۔ شہریوں کی رہنمائی کیلئے ڈیسک بنائے جائیں، میں خود بھی مختلف علاقوں کے دورے کر کے جائزہ لوں گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی مویشی منڈیوں پر زیرو ٹالرنس ہے۔ کسی جگہ اگر نجی طور پر کسی نے کیٹل پوائنٹ بنایا ہے تو اسے ختم کرایا جائے گا۔

اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے بتایا کہ وزیراعلی کی ہدایت پر گزشتہ عیدالاضحٰی کی طرح امسال بھی کیٹل پوائنٹس نو پرافٹ، نو لاس کے تحت قائم کئے جائیں گے۔ کیٹل پوائنٹس پر بیوپاریوں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ عید سے دو روز پہلے اور عید کے ایام میں صفائی کا بڑا صفائی آپریشن کیا جائے گا۔ شکیل احمد میاں نے ہدایت کی کہ میونسپل اداروں کے چیف آفسیرز صفائی کے انتظامات میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے عید کے لئے جو ایس او پیز جاری کر دیے گئے ہیں ان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

جواب دیں

Back to top button