پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (PMDFC) کے زیر انتظام اور جرمن ادارے جی آئی زی (GIZ) کے اشتراک سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) پر ایک جامع تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ تربیت میں صوبہ بھر سے 50 سے زائد افسران بشمول چیف آفیسرز، میونسپل آفیسرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ارشد بیگ نے خصوصی شرکت کی اور سیشن کے شرکاء سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ مقامی ترقی کے لیے ایک مؤثر ماڈل ہے جس کے ذریعے نجی شعبے کی مہارت کو بروئے کار لا کر عوامی خدمات میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "پائیدار ترقی کے لیے پی پی پی ناگزیر ہو چکی ہے” اور انہوں نے شرکاء کو تلقین کی کہ اس تربیت سے حاصل کردہ علم کو میونسپل سروسز کی بہتری کے لیے عملی جامہ پہنائیں۔
جی آئی زی کی جانب سے صنم ارشاد، ایڈوائزر گڈ گورننس نے شرکت کی جبکہ پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ کے سیکرٹری رضوان نذیر، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن ملیحہ رشید، ڈپٹی سیکرٹریز شاہد لطیف، فرح دیبا، اور ارسلان علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔پی ایم ڈی ایف سی کے ایم ڈی سید زاہد عزیز نے کہا کہ پی پی پی ماڈل کے تحت میونسپل سروس پراجیکٹس کی بہت بڑی گنجائش موجود ہے، اور اس تربیتی سیشن کے بعد بلدیاتی اداروں کے افسران پراجیکٹس کو بہتر انداز میں ڈیزائن کر سکیں گے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی جانب سے ضروری قانون سازی اور دیگر سپورٹ بھی فراہم کی جا رہی ہے۔مزید برآں، محمود مسعود تمنا (جی ایم آئی ڈی)، عدنان نثار (جی ایم انجینئرنگ)، معین الدین شیخ (پی پی پی ایکسپرٹ) اور صہیب رفیق (ڈپٹی مینیجر آئی ڈی) نے بھی اپنے تجربات اور مہارت سے شرکاء کو مستفید کیا۔شرکاء کو پی پی پی پراجیکٹس کی تیاری، عملدرآمد اور تکمیل کے تمام مراحل پر تفصیلی تربیت فراہم کی گئی، جس کا مقصد مقامی سطح پر ترقیاتی اہداف کے حصول کو ممکن بنانا ہے۔






