وزارتِ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ اور کے ایف سی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط، خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کا عزم

سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے فرسٹ ویمن بینک، ویمن پولیس اسٹیشنز اور بے زمین خواتین ہاریوں کو زمین دینے جیسے تاریخی اقدامات کیے۔کراچی کے مقامی ہوٹل میں سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (ایس ایم ٹی اے) اور معروف بین الاقوامی فوڈ چین کے ایف سی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ ایم ڈی ایس ایم ٹی اے کمال حکیم دایو اور کے ایف سی کے سی ای او رضا پیر بھائی نے یادداشت پر دستخط کیے۔ تقریب میں سندھ کے سینئر وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔مفاہمتی یادداشت کے تحت حکومت سندھ کے ایف سی کے تعاون سے کو اسکوٹیز چلانے کی تربیت دینے کے لئے سندھ کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں سینٹرز قائم کرے گی۔تقریب سے خطاب کرتے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے ملک کا سب سے بڑا انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، جس سے لاکھوں خواتین کو مالی سہارا ملا۔ پیپلز پارٹی کے دور میں خواتین کو شناختی کارڈز جاری ہوئے اور ووٹ کا حق ملا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب میں تباہ ہونے والے اکیس لاکھ گھروں کی تعمیر کا وعدہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کیا، اور ان گھروں کے مالکانہ حقوق خواتین کو دیے جا رہے ہیں۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پنک بس پاکستان کی تاریخ کا پہلا خواتین کے لیے مخصوص پبلک ٹرانسپورٹ منصوبہ تھا، جسے عالمی میڈیا نے سراہا۔ اب خواتین کو مفت پنک ای وی اسکوٹیز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ وہ مزید خودمختار ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 8 ہزار خواتین نے مفت اسکوٹیز کے لیے درخواست دی ہے جن میں سے 140 خواتین کے پاس ڈرائیونگ لائسنس موجود ہیں۔ کے ایف سی نے پیشکش کی ہے کہ وہ خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت دے گا اور لائسنس کی فیس بھی ادا کرے گا۔ رضا پیر نے کہا کہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں تربیت دی جائے گی۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس منصوبے کی بیٹنگ شفاف ہوگی اور اسکوٹیز سو فیصد میرٹ پر دی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ جلد پنک ٹیکسی سروس بھی شروع کرے گی، جب کہ مزید بسز اور ڈبل ڈیکر بسز آئندہ ماہ پاکستان پہنچ جائیں گی۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کی پہلی الیکٹرک بسیں بھی سندھ حکومت نے متعارف کرائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک نے حال ہی میں ایک بڑی جنگ جیتی ہے، اب وقت ہے کہ ہم سب ملک کو آگے لے کر جائیں۔تقریب کے موقعہ پر کے ایف سی کے سی ای او رضا پیر بھائی نے معزز مہمانوں کے اعزاز میں استقبالیہ دیا اور کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم سندھ حکومت کے ساتھ مل کر خواتین کو خود مختار بنانے کے اس اہم منصوبے کا حصہ بن رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ خواتین کو نہ صرف روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں بلکہ انہیں باوقار زندگی گزارنے کا مکمل حق دیا جائے۔

جواب دیں

Back to top button