خیبرپختونخوا میں ٹیکس فری بجٹ پیش کیا جائے گا ‏وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ڈی آئی خان میں گفتگو!

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی عدلیہ کے آزاد فیصلے سے مشروط ہے، مگر بدقسمتی سے ملک میں عدلیہ آزاد نہیں۔ عمران خان کو ناحق جیل میں ڈالا گیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ عدلیہ پر دباؤ ڈالنے والے عناصر بے نقاب ہوں، عوام ان کے خلاف ردعمل دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی عمران خان کی رہائی کے لیے تحریک چلا چکے ہیں، اب ایک نئی تحریک کی تیاری کر رہے ہیں۔ کامیابی اللہ تعالیٰ کی مدد سے ہوگی۔ ہمارا صبر کمزوری نہ سمجھا جائے، عمران خان کے حکم کا انتظار ہے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبائی بجٹ کے حوالے سے عمران خان سے مشاورت کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا میں ٹیکس فری بجٹ پیش کیا جائے گا اور عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔ صوبے میں میگا منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں، جن میں پشاور تا ڈیرہ موٹروے شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی جا رہی ہے تاکہ تعلیمی معیار بہتر بنایا جا سکے۔ نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے بلا سود قرضوں میں اضافہ کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ خیبرپختونخوا نے اب تک کوئی نیا قرضہ نہیں لیا، جبکہ پرانے قرضوں کی ادائیگی کے لیے 150 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ایک مقروض ملک آزاد اور خودمختار فیصلے نہیں کر سکتا۔افغانستان کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف مذاکرات کے ذریعے حل ہو سکتا ہے۔ وفاقی حکومت نے افغانستان سے بات چیت شروع کی ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس عمل میں خیبرپختونخوا کو بھی شامل کیا جائے۔ میں نے یہ مطالبہ جرگے میں بھی کھل کر رکھا ہے۔ ہمارا جرگہ سسٹم سب سے مضبوط اور فیصلہ کن ہے، مگر افسوس کہ وفاق نے جرگے کے ٹی او آرز کا جواب تک نہیں دیا۔

جواب دیں

Back to top button