وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات

گلگت۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان ملک کے دیگر علاقوں سے سرمایہ کاری کیلئے انتہائی موزوں صوبہ ہے۔ ملک کے تمام علاقوں سے زیادہ پرامن خطہ گلگت بلتستان ہے۔ پاور سیکٹر، معدنیات، زراعت، سیاحت جیسے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کررہی ہے۔ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خصوصی اصلاحات کئے ہیں۔ بورڈ آف انوسٹمنٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا قانون منظور کیا گیا ہے۔ انڈسٹریل زون اور اکنامک زون کے قیام پر تیزی سے کام جاری ہے۔ بہت جلد سرمایہ کاروں کیلئے ون ونڈو کی سہولت متعارف کرائی جائے گی۔ ذرائع نقل و حمل کو بہتر بنانے کیلئے میگا منصوبے زیر تعمیر ہیں جس میں گلگت چترال ایکسپریس وے، سکردو استور روڈ اور داریل تانگیر ایکسپریس وے پر کام جاری ہے۔ صوبے میں بجلی کے بحران کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پالیسی کے تحت کام کیا جارہاہے۔ ہماری کوشش ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ 100میگاواٹ سولر پاور پروجیکٹ کو مختصر مدت میں مکمل کریں۔ اس کے علاوہ مختلف میگا پاور پروجیکٹس بھی تعمیر کئے جارہے ہیں۔ سکردو میں بین الاقوامی ایئرپورٹ کی تعمیر سے مقامی اور بین الاقوامی سیاح بڑی تعداد میں بلتستان آرہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ گلگت میں بھی بین الاقوامی ایئرپورٹ تعمیر کیا جائے اس حوالے سے ملک کے بڑے سرمایہ کاروں کو دعوت دی جاتی ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد علی قائد، چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ فتح اللہ خان، صوبائی سیکریٹری سیاحت، صوبائی سیکریٹری زراعت اور ایڈیشنل سیکریٹری معدنیات نے گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق نگران صوبائی وزیر انڈسٹریز اینڈ کامرس پنجاب احسان تنویر نے کہاکہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا سرمایہ کاری کے حوالے سے ویژن قابل تحسین ہے۔ گلگت بلتستان کا مستقبل روشن دکھائی دے رہاہے۔ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے صوبائی حکومت نے جو اقدامات کئے ہیں ان کی وجہ سے مستقبل میں بڑے سرمایہ کار گلگت بلتستان کا رخ کریں گے۔ ایف پی سی سی آئی گلگت میں بین الاقوامی ایئرپورٹ کی تعمیر کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ صوبائی حکومت کی جانب سے لینڈ ریفارمز انتہائی اہم اقدام ہے جس سے سرمایہ کاری کے حوالے سے حائل رکاوٹیں دور ہوں گی۔

جواب دیں

Back to top button