پرامن محرم الحرام کے انعقاد کے لئے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس،اہم فیصلے و ہدایات جاری

محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے، مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا کی زیر صدارت ایک اہم کوآرڈینیشن اجلاس آج منعقد ہوا۔جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے زمہ داران، محکمہ داخلہ،تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی،جبکہ دیگر اضلاع کے متعلقہ افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے اس حوالے سے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی روابط اور مؤثر کوآرڈینیشن کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام حساس مقامات پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں، CCTV کیمروں کی تنصیب، روشنی کا انتظام، ایمبولینسز کی دستیابی، اور ایمرجنسی پلانز کو حتمی شکل دی جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی سطح پر کنٹرول رومز قائم کیے جائیں گے جبکہ علمائے کرام اور کمیونٹی لیڈرز کے ساتھ قریبی روابط رکھے جائیں گے تاکہ ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کو فروغ دیا جا سکے۔اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیاکہ تمام اضلاع میں حساس مقامات کی نشاندہی مکمل کر کے فول پروف سیکیورٹی پلان ترتیب دینے، مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر پولیس اور دیگر اداروں کی مشترکہ گشت کرنے،CCTV کیمروں کی تنصیب اور مانیٹرنگ سسٹم کو فعال بنانے،ضلعی سطح پر کنٹرول رومز کا قیام،امن کمیٹیوں کو فعال کرنے اور باقاعدہ اجلاس منعقد کرنے، واٹر سپلائی، صفائی، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر سہولیات کی دستیابی کے لیے میونسپل اداروں کو الرٹ رہنے،بڑے جلوسوں کے روٹس پر ایمبولینسز، اور ریسکیو ٹیمز تعینات کرنے کے علاوہ تمام ضلعی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی جائے گی اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز واشتعال انگیز مواد کی روک تھام کے لیے نگرانی سخت کی جائے۔اس موقع پر چییف سیکریٹری گلگت بلتستان نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ محرم الحرام کے دوران بہترین کوآرڈینیشن، فعال موجودگی اور حساسیت کے ساتھ فرائض سرانجام دیے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور صوبے میں مذہبی رواداری اور اتحاد کی فضاء کو فروغ دیا جا سکے۔محرم الحرام کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ داخلہ گلگت بلتستان نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

جواب دیں

Back to top button