وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر شہر لاہور میں پان تھوکنے کے خلاف ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے آگاہی مہم کا سلسلہ جاری ہے جبکہ شہر کو صاف، ستھرا اور خوبصورت بنانے کے لیے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی آپریشن ٹیمیں بھی شہر بھر میں متحرک ہیں۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آگاہی مہم کے بعد عوامی مقامات، بس اسٹاپس اور مین شاہراہوں پر پان تھوکنے والوں کے خلاف جلد انفورسمنٹ کارروائیوں کا آغاز بھی کیا جائے گا۔ شہر بھر میں واقع مختلف پان شاپس،کمرشل مارکیٹس،روڈ ڈیوائیڈرز، دکانوں اور دیواروں پر موجود پان کی پچکاریوں کو صاف کرنے کے لیے واشنگ کا عمل یقینی بنایا جا رہا ہے۔

مال روڈ، انارکلی، لبرٹی مارکیٹ، شادمان اور مزنگ چوک میں واقع پان شاپس اور مارکیٹس کے گرد واشنگ کر کے صفائی کی گئی۔گلشن راوی، کریم بلاک، لٹن روڈ اور راوی ٹاؤن میں پان شاپس کے گرد واشنگ کا عمل مکمل کیا گیا۔ ساندہ روڈ، گوالمنڈی، بھاٹی گیٹ، شالیمار ٹاؤن، ہربنس پورہ اور فتح گڑھ میں بھی پان شاپس اور کمرشل مارکیٹس کے اطراف واشنگ مکمل کی گئی ہے۔مزید برآں پان شاپس مالکان کو دکانوں کے باہر ڈسٹ بن رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ جگہ جگہ پان تھوکنے سے گریز کریں۔ شہر کی خوبصورتی اور صفائی برقرار رکھنے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔صفائی سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139پر رابطہ کریں یا سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔






