نئی مشینری آنے سے استعداد کار میں نمایاں اضافہ ہوگا،وزیراعلٰی کی شاباش نے ستھرا پنجاب کی پوری ٹیم کے دل جیت لئے،مایوس نہیں کریں گے،ذیشان رفیق

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے نئی مشینری کی حوالگی پر وزیراعلٰی مریم نواز سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورٹریس سٹیڈیم میں تقریب کے دوران وزیراعلٰی کی شاباش نے ستھرا پنجاب کی پوری ٹیم کے دل جیت لئے ہیں۔ نئی مشینری کے آنے سے استعداد کار میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی بھی موجود تھے جبکہ تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ مشینری کی تقسیم کرتے ہوئے وزیراعلٰی مریم نواز نے کسی ضلع کو محروم نہیں رکھا۔ اب اربن فلڈنگ کے وقت کسی کو دوسرے ضلع کی طرف دیکھنا نہیں پڑے گا۔ وزیراعلٰی کے بھرپور اعتماد کا شکریہ، انشااللہ ہم انہیں مایوس نہیں کریں گے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ ستھرا پنجاب کے باعث صفائی کا موثر کلچر ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہا ہے۔ ایک سال سے بھی کم عرصے کے دوران صوبہ بھر سے 85 لاکھ 55 ہزار ٹن ویسٹ اٹھایا گیا۔خاص بات یہ ہے کہ ایک جگہ سے کوڑا اٹھا کر دوسری جگہ پھینکا نہیں جاتا بلکہ محفوظ ڈمپنگ کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب بھر میں 28 ہزار 927 کی تعداد میں مشینری کا فلیٹ Fleet شہریوں کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ اڑسٹھ ہزار 858 کنٹینرز اور 3 لاکھ 284 آلات بھی ستھرا پنجاب کا حصہ ہیں۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ تین ہزار 917 ویسٹ انکلوژرز، 374 عارضی کولیکشن پوائنٹس بنائے گئے۔ اسی طرح لینڈفِل سائٹس 141 ہیں اور ہر تحصیل میں کم سے کم ایک سائٹ ہے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام میں شہریوں کی شکایات پر ایکشن کی شرح 99 فیصد ہونا چھوٹی کامیابی نہیں۔ انہوں نے تمام سی ای اوز کو ہدایت کی کہ وہ نئی مشینری کی دیکھ بھال کے لئے جاری کئے گئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

جواب دیں

Back to top button