سردار یاسر الیاس خان کو وزیراعظم پاکستان کا اعزازی کوارڈینیٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔وہ حال ہی میں مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے تھے۔وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے ایڈوائزر ڈاکٹر سید توقیر شاہ نے باقاعدہ نوٹیفیکشن جاری کر دیا ہے۔

سردار یاسر الیاس خان کا تعلق آزاد کشمیر کی معروف کاروباری فیملی سے ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے معروف بزنس مین سردار یاسر الیاس کو کوآرڈینیٹر برائے سیاحت مقررکیا ہے۔سردار یاسر الیاس اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق صدر، اسلام آباد کے معروف شاپنگ مال سنٹورس کے مالک اور سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے بھائی ہیں۔
سردار تنویر الیاس کی وزارت عظمٰی کے دور میں ان کی اور باقی تمام فیملی کی راہیں جدا ہو گئی تھیں اور شدید اختلافات پیدا ہو گئے تھے۔ چند روز قبل سردار تنویر الیاس نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی تو اس کے فوری بعد سردار یاسر الیاس نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی اور مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے تھے۔اسی وقت سے یہ قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ انہیں حکومت کوئی اہم ذمہ داری دینے جا رہی ہے۔






