چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن اور دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد شہر کو کرائم فری شہر بنانے، شہر کی سیکورٹی کو مزید بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد جہاں سیف سٹی کیمروں کے زریعے شہر کی تمام شاہراہوں، مراکز اور سیکٹرز کی مانیٹرنگ کا میکنزم بنایا گیا ہے وہاں سیف سٹی کو بھی مزید جدید خطوط اور عصر حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نہ صرف سٹاف میں اضافہ کیا گیا ہے وہاں جرائم پر قابو پانے کیلئے ایمرجنسی ریسپانس کو بھی کم سے کم کیا جارہا ہے تاکہ جرائم پیشہ افراد کو بروقت گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جاسکے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر جہاں مزید سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے وہاں شہر بھر میں پیٹرولنگ میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں امن و امان کی مزید بہتری کیلئے جہاں اقدامات اٹھائے جارہے ہیں وہاں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرہ ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی اسلام آباد میں امن و امان قائم رکھنے کے سلسلہ میں کاوشوں کی تعریف کی اور ہدایت کی کہ اسلام آباد میں سیکورٹی کو مزید فول پروف بنانے کیلئے پولیس گشت، اسنیپ چیکنگ، سی سی ٹی وی کیمروں کے زریعے مانیٹرنگ اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط کوارڈینیشن کو بڑھایا جائے تاکہ تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت اسلام آباد میں امن و امان اور سیکورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہر قیمت پر امن و امان کو یقینی بنایا جاسکے۔






