اسلام آباد کے شہریوں کی رہائشی ضرویات کو بہتر بنانا سی ڈی اے کی اولین ترجیح ہے،محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لئے اہم اجلاس

چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انجینرنگ سید نفاست رضا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، ڈی جی ورکس، ڈی جی ریسورس، چیف آفیسر ایم سی آئی، ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ، ڈائریکٹر ڈی ایم اے سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں شاہین چوک، کشمیر چوک، فیض آباد انٹرچینج، پاک سیکریٹریٹ کی اپ لفٹنگ، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نظام کی بہتری، اسلام آباد ماڈل جیل کا قیام، پولیس اسٹیشنز کی اپ لفٹنگ، بلیو ایریا میں فوڈ اسٹریٹ کا قیام، پارکنگ پلازہ کی تعمیر، سی ڈی اے میں کیش لیس نظام، سفاری پارک، تھیم پارک، کیبل کار، فیری ویلز، 25 فٹبال اور 25 کرکٹ گراؤنڈز کی بحالی نیز ڈانسنگ فاؤنٹین کی تنصیب جیسے اہم منصوبوں کے بارے میں اب تک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی رہائشی ضرویات کو بہتر بنانا سی ڈی اے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں شاہراہوں کی نہ صرف اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے بلکہ نئی شاہرات کی تعمیر کے علاوہ ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کیلئے انڈر پاسز بھی تعمیر کئے جا رہے ہیں ۔اس کے علاوہ سی ڈی اے اسلام آباد کے تمام پارکس کی اپ لفٹنگ کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدانوں کی بہتری کیلئے فعال اقدامات اٹھا رہا ہے۔ اس سلسلہ میں 25 فٹبال گراؤنڈ، 25 کرکٹ گراؤنڈ کی بحالی ،پیڈل کورٹس کا قیام اور پیڈسٹرین برجیز کی اپ لفٹنگ شامل ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کی تمام مرکزی شاہراہوں پر جدید اور خوبصورت لائٹس نصب کی جائیں۔ اس سلسلہ میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں انجینئرنگ، انوائرمنٹ، فنانس، سینی ٹیشن، بلڈنگ کنٹرول، اسٹیٹ مینجمنٹ، انفورسمنٹ، ایم پی او، ایم سی آئی، ڈی ایم اے، اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کے نمائندے شامل ہیں۔ اس کمیٹی کا کام اسلام آباد کی اہم شاہراہوں کا معائنہ کرنا، ان کی اپ گریڈیشن، نئی لائٹس کی تنصیب، لینڈ سکیپنگ، ہارٹیکلچر ورک، اور دیگر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینا ہے تاکہ انہیں مقررہ وقت میں مکمل کیا جاسکے۔ اجلاس میں بلیو ایریا پارکنگ پلازہ کی تعمیراتی پیشرفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ پارکنگ پلازہ کی تعمیراتی کاموں کے علاوہ لفٹس کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ پارکنگ پلازہ کے الیکٹریکل اور مکینیکل ورک، فائر ایکسٹنگوئشرز اور دیگر باقی ماندہ کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ اسے عوام کے لیے جلد فعال بنایا جا سکے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو شفافیت اور معیاری طریقے سے مکمل کیا جائے گا تاکہ اسلام آباد ایک جدید اور خوبصورت دارالحکومت کے طور پر مزید ترقی کرسکے۔

جواب دیں

Back to top button