ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے شہر کو تجاوزات سے پاک اور صاف ستھرا بنانے کے اپنے عزم کے تحت تحصیل راوی کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں کے انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ اس دورے میں ان کے ہمراہ چیف آفیسر ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر راوی، اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

ڈی سی لاہور نے شاہدرہ چوک، بیگم کوٹ، اور کالا خطائی روڈ سمیت مختلف علاقوں میں جاری انتظامی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر راوی سیدہ سنبل جاوید نے انہیں انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے دوران، ڈپٹی کمشنر لاہور نے صفائی کی ناقص صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ محکموں کو فوری طور پر انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ سید موسیٰ رضا نے شہر سے بینرز، پوسٹرز اور تمام تجاوزات کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیا اور واسا حکام کو سیوریج اور نکاسی آب کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ معمولات زندگی کے آغاز سے قبل صفائی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے جائیں۔ ڈی سی لاہور نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رہائشی علاقوں سے جھگیاں اور مویشیوں کے باڑے فوری ختم کیے جائیں تاکہ شہری صحت مند ماحول میں رہ سکیں۔ انہوں نے صفائی مہم کی کامیابی کے لیے شہریوں میں آگاہی مہم چلانے کی اہمیت پر بھی زور دیا، تاکہ لوگ اس کوشش میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔ سید موسیٰ رضا نے آخر میں تنبیہ کی کہ فرائض میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔






