ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ لاہور شہر کی تعمیر و ترقی کے سفر میں ایک نئے دور کا آغاز کر چکی ہے، جہاں وزیر اعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ منصوبے، "لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز-1” پر عملدرآمد برق رفتاری سے جاری ہے اور منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔

اس اہم پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور باقاعدگی سے ہفتہ وار اجلاسوں کی صدارت کر رہے ہیں تاکہ منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ انتظامیہ نے اس میگا پراجیکٹ کو پائیدار ترقی کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے تمام ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔ ڈی سی سید موسیٰ رضا نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ تعمیراتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا تاکہ ان منصوبوں کے ثمرات سے شہری طویل عرصے تک مستفید ہو سکیں۔ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے اپنے علاقوں میں جاری کاموں کی ذاتی طور پر کڑی نگرانی کرنے کا پابند کیا گیا ہے، جبکہ ٹھیکیداروں کو منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا عزم ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترقیاتی وژن کو حقیقت کا روپ دینے اور شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔






