واسا لاہور اور پی ایچ اے کی مشترکہ حکمت عملی تیار، شہر بھر میں گرین بیلٹس کو نیچے کرنے کا فیصلہ

حکومتِ پنجاب کے وژن کے تحت واسا لاہور اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے شہر میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے اور شہری سہولیات میں اضافہ کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کر لی ہے۔اس ضمن میں ایم ڈی واسا غفران احمد کی زیر صدارت ایک اہم ویبنار منعقد ہوا جس میں واسا کے تمام ڈائریکٹرز اور ایکسیئنز نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں شہر بھر کی گرین بیلٹس کو نیچے کرنے کے عمل کو مربوط اور منظم انداز میں انجام دینے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ویبنار کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ گرین بیلٹس کے اونچے ہونے کی وجہ سے بعض مقامات پر بارشوں کے دوران پانی کی نکاسی میں تاخیر ہو رہی ہے۔ ان رکاوٹوں کو دور کرنا ناگزیر ہے تاکہ شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ایم ڈی واسا غفران احمد نے ہدایات دیں کہ تمام ڈائریکٹرز پی ایچ اے سے فوری رابطہ کر کے اپنے اپنے علاقوں میں ان گرین بیلٹس کی نشاندہی کریں جنہیں نیچے کرنے سے بارشی پانی کا فوری نکاس ممکن بنایا جا سکتا ہے۔گرین بیلٹس کو نیچے کرنے کے عمل میں واسا اور پی ایچ اے کی ٹیمیں قریبی مشاورت اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔کسی بھی قسم کی سستی، غفلت یا کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ شہری سہولیات کی بہتری، نکاسی آب کے موثر نظام اور ماحولیاتی توازن کے قیام کے لیے واسا اور پی ایچ اے کی یہ مشترکہ کوششیں قابل ستائش ہیں۔

جواب دیں

Back to top button