پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بلال ہاشم نے مویشی منڈی بھلوال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سرگودھا ڈویژن کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر نے بلال ہاشم کو بھلوال مویشی منڈی میں فراہم کردہ سہولیات اور انتظامی اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں انسانوں اور جانوروں کے لیے صاف پانی کی فراہمی، کانگو وائرس سے بچاؤ کے اقدامات، صفائی کے انتظامات، عوامی بیت الخلا کی فعالیت، اور شکایات سیل کی کارکردگی سمیت آپریشنل پلان سے آگاہ کیا گیا۔سی ای او بلال ہاشم نے فراہم کردہ سہولیات کارپارکنگ، جانوروں کے لیے پانی کی کھرلیاں اور لائیواسٹاک کیمپ کا تفصیلی معائنہ کیا اوراعتماد کا اظہار کیا۔ بلال ہاشم نے ڈویژنل چیف آپریٹنگ آفیسر کو ہدایات جاری کیں ڈویژن کی تما م مویشی منڈیوں کے اندر شجرکاری مہم شروع کی جائے اور اس سلسلہ میں محکمہ جنگلات کے ساتھ رابطہ کیا جائے۔سی ای او بلال ہاشم نے کہا کہ سرگودھا ڈویژن میں جلد ہی نئی ماڈل مویشی منڈی تعمیر کی جائے گی جس سے عوام اور بیوپاریوں دونوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بارش کے دوران پانی کی فوری نکاسی کے لیے جامع پلان پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔

آپریشنل ڈیپارٹمنٹ کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر منڈیوں میں متحرک کیا جائے تاکہ بارشی پانی جلد از جلد منڈی کی حدود سے نکالا جا سکے اور داخلی و خارجی راستے ہر صورت صاف رکھے جائیں۔ سی ای او نے زور دیا کہ کانگو اور ڈینگی جیسی وبائی بیماریوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اور سخت عملی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔






