بلدیاتی ملازمین اور پنشنرز کی گرانٹ کے تعین کے لئے حقیقت پر مبنی اعدادوشمار مرتب کئے جائیں،لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن خیبرپختونخوا

پشاور(بلدیات ٹائمز)بلدیاتی ملازمین اور پنشنرز کی گرانٹ کے تعین کے لئے حقائق پر مبنی اعدادوشمار کو زیر غور لا کر ملازمین کے بچوں کو فاکوں کی دلدل سے نکالا جائے۔ھمیشہ غلط اعداد و شمار کی وجہ سے بلدیاتی ملازمیں اور پنشنرز کو مشکلات سے نہیں نکالا جا سکا ۔صوبہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی اداروں کے ملازمین اور پنشنرز گذشتہ کئی کئی مہینوں سے تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگیوں سے محروم چلے آ رہے ہیں۔جن کا کوئی پرسان حال نہیں۔ جب کہ محکمہ بلدیات و دیہی ترقی اور محکمہ مالیات کی طرف سے جب بھی گرانٹ کا تعین کیا جاتا ھے تو ناکافی گرانٹ منظور ھوتی ھے جس سے بلدیاتی اداروں کی ملازمین اور پنشنرز کو بقایا جات کی پوری تنخواہیں اور پنشن ادا نہیں ھوتیں۔ ہردو محکمہ جات کی طرف سے گرانٹ کی منظوری کے لئے کوئی باقاعدہ فارمولہ طے نہیں کیا ہوا نیز محکمہ بلدیات کی طرف سے اصل اعداد و شمار کے علاوہ قیاس آرائیوں پر مبنی فرضی اعدادوشمار کو زیر غور لایا جاتا ہے جس سے بلدیاتی ملازمین و پنشنرز میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے۔اس وقت جن TMAs کے ملازمین اور پنشنرز کی تنخواہوں اور ہنشن کی ادائیگی بقایاجات میں چلی آ رہی ہے ان میں TMAs ڈیرہ اسماعیل خان، پرووا ، ٹانک ، بنوں، سرائے نورنگ، لکی مروت، کرک ، لاچی ، کوہاٹ، ٹل، ہنگو ، تنگی ، چترال ، بائی زئی ، الائی، بالاکوٹ، بٹگرام، اوگی، نوشہرہ ، مردان ، چارسدہ ، حویلیاں ، لوئر تناول، براول ،بٹ خیلہ ، دروش ، ہری پور وغیرہ شامل ہیں۔صوبہ خیبرپختونخوا کے اکثریتی TMAs کے ملازمین اور پنشنرز عرصہ دراز سے خاطر خواہ گرانٹ منظور نہ ہونے سے تنخواہوں اور پنشن کے بقایاجات کی ادائیگی سے محروم ہونے کی وجہ سے گذشتہ کئی کئی ماہ سے مفلوک الحال اور فاکوں سے دوچار ہیں۔ لوکل گورنمنٹ ایمپلائز رجسٹرڈ خیبرپختونخوا کے سرپرست اعلیٰ شوکت کیانی ، صدر حاجی انور کمال خان مروت، چیئرمین محبوب اللہ ، جنرل سیکریٹری سلیمان خان ہوتی اور دیگر رہنماؤں قیصر کامران، بلال خان، حافظ کریم داد، بشیر باچہ، بشیر احمد، سخی باچہ، شاد خان، شیر زمان، سعید گل ، کفائت اللہ، ایاز گل، بسم اللہ جان، اعظم خان، فرید اللہ، آصف قدوس، فیصل تنولی اور اختر علی نے اپنے مشترکہ بیان میں صوبائی حکومت ، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی آمین گنڈہ پور، وزیر بلدیات ارشد ایوب خان ، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی خیبرپختونخوا سردار ثاقب رضا اسلم اور سیکریٹری لوکل کونسل بورڈ وحید الرحمان خان سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ کمزور مالی پوزیشن والی TMAs کی تنخواہوں اور پنشن کے حقیقت پر مبنی اعداد و شمار کے مطابق خاطر خواہ گرانٹ کا بندوبست کر کے بلدیاتی اداروں کے ملازمین اور پنشنرز کو تنخواہوں اور پنشن کے بقایاجات کی یکمشت ادائیگی کر کے ملازمین اور پنشنرز کے بچوں کو بھوک و افلاس اور فاکوں سے نجات دلائی جائے۔

جواب دیں

Back to top button