یومِ آزادی اس سال "معرکۂ حق” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے،تمام سیاسی جماعتیں مل کر یومِ آزادی منائیں گی، مراد علی شاہ کا قومی اتحاد کا پیغام

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اس سال یومِ آزادی "معرکۂ حق” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد مئی میں بھارت کی سازش اور اس کے خلاف پاکستان کی مضبوط جوابی کارروائی کو یاد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "جب ملک کو خطرہ لاحق ہوتا ہے تو قوم متحد ہو جاتی ہے۔ ہم پاکستان کے دفاع کے لیے متحد ہوئے اور کامیابی حاصل کی۔”یہ بات انہوں نے کراچی ایکسپو سینٹر میں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (KCCI) کے زیر اہتمام منعقدہ "مائی کراچی – اویسس آف ہارمونی ایگزیبیشن 2025” سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی، وزیر صنعت جَم اکرام اللہ دھاریجو، KCCI کے صدر جاوید بلوانی، چیمبر کے اراکین، ممتاز صنعتکاروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ "یومِ آزادی کی تقریبات کا آغاز آج یکم اگست سے سندھ بھر میں ہو گیا ہے۔” انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی پرامن قیادت میں 1947 میں پاکستان کے قیام اور 1971 میں ملک کی تقسیم کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان کے سفر پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مشکل حالات میں پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، جب کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے دفاعی صلاحیت کو مزید بڑھاتے ہوئے میزائل ٹیکنالوجی کو فروغ دیا۔ مراد علی شاہ نے ایک بار پھر مئی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "قوم متحد ہو کر دشمن کے خلاف ڈٹ گئی اور ہم نے فتح حاصل کی۔” وزیراعلیٰ نے اس موقع پر بھارت کے خلاف کامیابی کی علامت کے طور پر جشنِ آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹا۔انہوں نے کہا کہ "مائی کراچی” ایونٹ کراچی کا نمائندہ تہوار بن چکا ہے، جس میں مختلف ممالک کی شرکت سے شہر کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جاتا ہے۔ انہوں نے KCCI کو کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ اس کا آغاز 2004 میں ہوا جب شہر مشکل حالات سے دوچار تھا۔ مراد علی شاہ نے کراچی میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ کچھ اسٹریٹ کرائمز اب بھی موجود ہیں، لیکن مجموعی صورتحال ماضی کی نسبت بہتر ہوئی ہے۔انہوں نے ورلڈ بینک کی 2015 کی "گیپ انالسز رپورٹ” کا حوالہ دیا، جس میں کراچی میں معیاری طرزِ زندگی کے لیے 3 کھرب روپے کی ضرورت ظاہر کی گئی تھی۔ وزیراعلیٰ نے کراچی نیبرہڈ امپروومنٹ پروجیکٹ اور کمپٹیٹیو اینڈ لیویبل سٹی آف کراچی (CLICK) جیسے منصوبوں کا ذکر کیا، جن کا مقصد شہری انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی قائم کی گئی ہے اور سندھ حکومت نے الیکٹرک بسیں متعارف کرائی ہیں۔وزیراعلیٰ نے پانی کے بحران پر بھی بات کی اور K-IV منصوبے کی جلد تکمیل پر زور دیا، جو کراچی کی پانی کی ضروریات کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے مزید پانی کے ذرائع لانے کی کوششوں اور وفاقی حکومت کے تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ "تمام سیاسی جماعتیں مل کر یومِ آزادی منائیں گی اور اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی اتحاد کا مظاہرہ کریں گی۔” انہوں نے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور حکومت کی کراچی اور اس کے شہریوں سے وابستگی کا اعادہ کیا۔

جواب دیں

Back to top button