ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنا یوم آزادی شایان شان انداز میں مناتی ہیں، آج ہمیں عہد کرنا ہے کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے مل کر کام کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں جشنِ آزادی کے سلسلے میں منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،

تقریب میں سٹی کونسل کے اراکین، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر شرکاء بھی بڑی تعداد میں موجود تھے، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے قومی پرچم لہرایا اور جشنِ آزادی کا کیک بھی کاٹا۔ انہوں نے قوم کو آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی قوم جوش و خروش سے جشنِ آزادی منا رہی ہے اور یہ جذبہ قابلِ تحسین ہے،انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمارے آباؤ اجداد نے عظیم قربانیوں سے حاصل کیا، قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں ہمارے بزرگوں نے جان و مال کی قربانی دے کر پاکستان حاصل کیا، آج کا یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کس طرح ایک مضبوط ارادے اور اتحاد سے ایک عظیم ریاست کا قیام ممکن ہوا،ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان تا قیامت قائم رہے گا اور ہمیشہ زندہ باد رہے گا، ہمیں اپنے حصے کا کردار ادا کرتے ہوئے اس وطن عزیز کو امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھنا ہے، انہوں نے اس موقع پر شرکاء کے ساتھ ملکی سلامتی و ترقی کے لیے دعا بھی کی۔






